Home » ہر ظالم اور مافیا کیلئے پنجاب کی زمین تنگ،دین کے نام پر فتنہ ناقابل قبول،ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے،مریم نواز کا دبنگ اعلان

ہر ظالم اور مافیا کیلئے پنجاب کی زمین تنگ،دین کے نام پر فتنہ ناقابل قبول،ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے،مریم نواز کا دبنگ اعلان

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا علما کرام اور آئمہ مساجد کی مشترکہ ذمہ داری ہے،دین کے نام پر فتنہ پھیلانے والوں نے معاشرے کو نقصان پہنچایا اور بے گناہ جانوں کو نشانہ بنایا،ریاست کسی بھی فتنہ،ظلم یا مافیا کو پنپنے کی اجازت نہیں دے گی اور ہر ظالم کے لیے پنجاب کی زمین تنگ کر دی گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں علما کرام میں اعزازیہ کارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ علما اور آئمہ کرام معاشرے کی اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، غمی اور خوشی کے ہر موقع پر عوام کی رہنمائی کرتے ہیں تاہم ماضی میں شاید ہم انہیں ان کا جائز مقام نہ دے سکے،آئمہ کرام کی خدمت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے بھر میں 80 ہزار سے زائد مساجد ہیں جبکہ 70 ہزار سے زائد آئمہ کرام نے اعزازیہ کے لیے درخواستیں جمع کروائیں،کئی آئمہ کرام کی جانب سے بتایا گیا کہ انہیں صرف 5 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں،جس پر انہیں شدید دکھ ہوا، اسی لیے حکومت نے آئمہ کرام کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ 25 ہزار روپے ایک بڑی رقم نہیں مگر اس سے آئمہ کرام کی زندگی میں کچھ آسانی ضرور آئے گی،اعزازیہ کی ادائیگی کے لیے شفاف اور آسان نظام ترتیب دیا گیا ہے اور فروری کے آخر تک آئمہ کرام کے پنجاب بینک میں اکاونٹس کھول دیے جائیں گے،جن کے ذریعے ماہانہ اعزازیہ براہِ راست فراہم کیا جائے گا،یہ منصوبہ سالانہ 20 ارب روپے کا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب حکومت اور آئمہ کرام کے درمیان رابطے میں خلل آتا ہے تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے،پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں اتحاد، امن اور برداشت کو فروغ دیا جائے،آئمہ کرام اور حکمرانوں کے درمیان مضبوط تعلق معاشرتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ کچھ عناصر نے مذہب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے فتنہ و فساد کو فروغ دیا،عوامی املاک کو نذر آتش کیا گیا،سڑکیں بند کی گئیں، رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو شہید کیا گیا،جلاو گھیراو،راستے بند کرنا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانا اگر فتنہ نہیں تو پھر فتنہ کسے کہتے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے لیے چلنے والی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا،گلیوں،محلوں اور شاہراہوں کو بند کیا گیا اور ان اقدامات کو مذہب کا نام دیا گیا جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فتنہ کی سرکوبی صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ اس میں آئمہ کرام کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قرآن و حدیث میں فساد کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے،ظلم چاہے کسی بھی رنگ،نسل یا طبقے سے ہو،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اسے کٹہرے میں لایا جائے،ریاست اپنے شہدا کے خون کا حساب لے گی اور عوام کی جان و مال اور قومی سلامتی سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں ڈالا کلچر اور خواتین کی بے حرمتی کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں اور کسی بھی نئے فتنہ کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک قوانین پر سختی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ عوام اس پر خوش نہیں مگر ان قوانین پر عمل درآمد سے کئی ماوں کے بچے حادثات سے محفوظ رہیں گے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹریفک چالان سے انہیں ذاتی طور پر کوئی فائدہ نہیں، ہیلمٹ، ون وے اور کم عمری میں ڈرائیونگ کے خلاف کارروائی صرف انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئمہ کرام کی آواز ہر جگہ سنی جاتی ہے اور انہیں حکومت کے پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز