لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پشاور زلمی نے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر ایک بار پھر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔میچ میں زلمی کی ٹیم نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے حریف کو قابو میں رکھا اور فیصلہ کن معرکے میں اپنی برتری ثابت کی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ میں زلمی نے 130 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پندرہویں اوور میں حاصل کیا اور ایک بار پھر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔میچ کا آغاز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوا جہاں زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم ابتدا سے ہی دباو میں نظر آئی اور اس کی بیٹنگ لائن وقفے وقفے سے لڑکھڑاتی رہی۔ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد ٹیم کبھی بھی مضبوط شراکت قائم نہ کر سکی۔صائم ایوب نے مزاحمت کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی لیکن باقی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم اٹھارہ اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیگر بولرز نے بھی نپی تلی کارکردگی دکھائی اور حریف ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
ہدف کے تعاقب میں زلمی کی بیٹنگ لائن بھی ابتدائی طور پر مشکلات کا شکار رہی اور اہم بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے۔کپتان بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے جبکہ دیگر کھلاڑی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تاہم ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے طویل شراکت قائم کی جس نے میچ کا رخ بدل دیا۔ایرون ہارڈی نے دباو میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ عبدالصمد نے بھی اہم 48 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کی شراکت نے زلمی کو ہدف تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور ٹیم نے مطلوبہ اسکور سولہویں اوور سے پہلے حاصل کر لیا۔میچ کے بعد قذافی سٹیڈیم میں شائقین نے زبردست جشن منایا،آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ایرون ہارڈی کو ان کی شاندار آل راونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پشاور زلمی نے نو سال بعد ایک بار پھر لیگ ٹائٹل اپنے نام کر کے اپنی برتری ثابت کر دی۔