ایلون مسک کافی عرصے سے ایکس (ٹوئٹر) کو چین کی وی چیٹ ایپ کی طرح بنانے کی بات کر رہے تھے، اور اب اس حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” نے اپنی نئی پیمنٹ سروس "ایکس منی” لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو مالیاتی ٹرانزیکشنز کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ سروس 2025 میں باضابطہ طور پر متعارف کرائی جائے گی۔
ایکس منی کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ایک سپر ایپ میں تبدیل کرنا ہے، جس میں مالیاتی خدمات بھی شامل ہوں گی۔ کمپنی کے مطابق، یہ سروس آپ کے تمام مالیاتی اقدامات کیلئے حل فراہم کرے گی، جس سے متعدد پیمنٹ فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔
ایکس کی سی ای او، لنڈا یاکارینو نے حال ہی میں اعلان کیا کہ ویزا ایکس منی کا پہلا آفیشل شراکت دار ہوگا۔ اس شراکت داری کے تحت صارفین ویزا ڈائریکٹ کے ذریعے پیسے بھیجنے یا وصول کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
ایکس منی میں صارفین کو ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کنیکٹ ہونے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، اور بینک اکاؤنٹس میں براہ راست پیسے ٹرانسفر کرنے کا آپشن بھی ہوگا۔
یہ سروس سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرائی جائے گی، اور پھر قانونی اور مالیاتی منظوری کی بنیاد پر دیگر خطوں میں بھی دستیاب ہوگی۔