Home » دنیا جنگ کی دہلیز پر،وینزویلا پر خوفناک امریکی حملہ،ٹرمپ کا صدر مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ،عالمی بحران شدت اختیار کر گیا

دنیا جنگ کی دہلیز پر،وینزویلا پر خوفناک امریکی حملہ،ٹرمپ کا صدر مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ،عالمی بحران شدت اختیار کر گیا

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

واشنگٹن(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف ایک بڑے پیمانے کا آپریشن کیا ہے، جس کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ کارروائی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے انجام دی گئی اور اس کا مقصد امریکی قوانین کے تحت جاری عدالتی کارروائیوں پر عملدرآمد تھا جبکہ مزید تفصیلات پریس کانفرنس میں فراہم کی جائیں گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک غیر معمولی اور چونکا دینے والے اعلان نے عالمی سیاست میں بھونچال پیدا کر دیا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے وینزویلا کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا ہے۔اس دعوے کے ساتھ ہی وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں،فضائی حملوں اور فوجی نقل و حرکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ لاطینی امریکہ سے لے کر اقوام متحدہ اور بڑی عالمی طاقتوں تک شدید تشویش اور ردِعمل کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔اسی دوران وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں اور فضائی سرگرمی کی اطلاعات سامنے آئیں،شہریوں نے نچلی پروازیں کرنے والے فوجی طیارے اور ہیلی کاپٹر دیکھے جبکہ کچھ مقامات پر بجلی اور مواصلاتی نظام میں خلل کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔وینزویلا کی حکومت نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت کے علاوہ میرانڈا،آراگوا اور لاگویرا جیسی ریاستیں بھی متاثر ہوئیں اور ملک کی اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب وینزویلا کے وزیرِ دفاع نے امریکی اقدام کو غیر ملکی جارحیت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے مزاحمت کرے گا۔ان کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کے اعداد و شمار اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔حکومت نے سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور ہنگامی اقدامات نافذ کرنے کی بات کی ہے۔دوسری طرف وینزویلا کی نائب صدر دلسی روڈریگز نے کہا ہے کہ امریکی کارروائی کے بعد صدر مادورو کے موجودہ مقام کے بارے میں حکومت کو فوری طور پر مصدقہ معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔انہوں نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صدر مادورو کے زندہ ہونے اور ان کی حراست سے متعلق واضح ثبوت فراہم کیے جائیں تا حال صدر مادورو کی گرفتاری اور ملک سے منتقلی کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔کیوبا اور کولمبیا نے امریکی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔کیوبا کے صدر نے اسے وینزویلا کے خلاف مجرمانہ حملہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور موثر ردِعمل کی اپیل کی ہے۔روس نے بھی اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کی مبینہ خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ یورپی سفارتی حلقوں کی جانب سے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستہ اختیار کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔امریکہ کے اندر اس اقدام پر سیاسی بحث نے شدت اختیار کر لی ہے۔بعض قانون سازوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا کانگریس کی منظوری کے بغیر ایسی فوجی کارروائی آئینی دائرہ کار میں آتی ہے یا نہیں جبکہ دیگر حلقے اسے امریکی قوانین کے تحت جاری عدالتی و سکیورٹی اقدامات کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ بحران لاطینی امریکہ میں طاقت کے توازن،توانائی منڈیوں اور عالمی سفارت کاری پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔خطے میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، اطلاعات کا بہاو جاری ہے اور فریقین کے بیانات میں تضاد پایا جا رہا ہے۔عالمی ادارے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں ممکنہ ہنگامی سفارتی سرگرمیوں کے اشارے مل رہے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز