دو مرتبہ کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن اور باکسنگ کے لیجنڈ جارج فورمین 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جارج فورمین نے 1974 میں تاریخی "رمبل ان دی جنگل” فائٹ میں محمد علی سے شکست کھائی تھی، مگر دو دہائیاں بعد دوبارہ ورلڈ چیمپئن بن گئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ روز اپنے ہزاروں مداحوں کو غمگین چھوڑا۔
ان کے اہلخانہ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جارج ایڈورڈ فورمین 21 مارچ 2025 کو انتقال کر گئے۔
جارج فورمین نے 1985 میں میری جان مارٹیلی سے پانچویں شادی کی، جو 40 سال تک قائم رہی۔ ان کے مختلف بیویوں سے 12 بچے تھے، اور انہوں نے اپنے پانچ بیٹوں کے نام جارج ایڈورڈ فورمین رکھے، جنہیں وہ جارج جونیئر، مونک، بک وہیل، ریڈ اور جیو کہہ کر پکارتے تھے۔
فی الحال جارج فورمین کی موت کی آفیشل وجوہات سامنے نہیں آئیں، تاہم ان کے چاہنے والے مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ جارج فورمین 2019 میں کووڈ کی ویکسین کے بڑے حامی تھے اور اس حوالے سے کمرشلز بھی کیے تھے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جارج فورمین کا انتقال ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا ہوگا، تاہم اس بات کو چھپایا جا رہا ہے تاکہ "فورمین گرِل” کی سیلز میں کمی نہ ہو۔
یاد رہے کہ جارج فورمین نے اپنے طویل باکسنگ کیریئر میں 81 فائٹس لڑیں، جن میں سے 76 میں کامیابی حاصل کی اور صرف 5 میں شکست کھائی۔ ان کی 68 جیتی ہوئی فائٹس ناک آؤٹ میں شامل ہیں۔ جارج فورمین کو ورلڈ باکسنگ ہال آف فیم اور انٹرنیشنل باکسنگ ہال آف فیم میں بھی شامل کیا گیا۔