اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ورلڈ بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں کراچی کے قریب واقع پورٹ قاسم کو دنیا کی نویں سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی بندرگاہ قرار دیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک نمایاں کامیابی اور اعزاز ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ رپورٹ ورلڈ بینک اور ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کے اشتراک سے جاری کردہ “کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس 2024” میں شامل کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2024 کے درمیان پورٹ قاسم کی کارکردگی میں 35.2 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا،جس کی بنیاد پر اسے دنیا کی 20 سب سے زیادہ ترقی کرنے والی بندرگاہوں میں جگہ دی گئی۔وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے یہ اعتراف دراصل حکومت پاکستان کی جاری اصلاحات اور جدید اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہوں میں بہتری اور جدیدیت لانے کے لیے حکومت نے کئی جامع اقدامات کیے ہیں، جن کے اثرات اب عالمی سطح پر بھی تسلیم کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پورٹ قاسم کی عالمی رینکنگ میں یہ غیرمعمولی بہتری پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کامیابی میں قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل نے جدید آپریشنز اور سہولیات کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں پورٹ قاسم کی کارکردگی عالمی معیار کے مطابق ہوئی۔جنید انور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان جدید کاری کے عمل سے گزرتے ہوئے خطے کا اہم شپنگ حب بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نہ صرف تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے کو مستحکم کرے گی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں اپنی جغرافیائی اہمیت اور لاجسٹک صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بین الاقوامی تجارت میں زیادہ موثر کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آ رہا ہے، اور حکومت اس موقع کو مزید مضبوط کرنے کے لیے جامع اصلاحاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس سمندری تجارت کے اہم اشاریوں میں شمار ہوتا ہے اور کسی بھی بندرگاہ کی کارکردگی براہِ راست عالمی سپلائی چین پر اثرانداز ہوتی ہے۔ پورٹ قاسم کی عالمی رینکنگ میں شمولیت اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان اب بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بندرگاہی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف برآمدات اور درآمدات کے حجم میں اضافے کی راہ ہموار کرے گی بلکہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کے اسٹریٹجک کردار کو مزید مستحکم بنائے گی۔
ورلڈ بینک نے پورٹ قاسم کو دنیا کی نویں بہترین کارکردگی دکھانے والی بندرگاہ قرار دے دیا
3