ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 102 ملین ڈالرز کی مالی معاونت کی منظوری دے دی
ورلڈ بینک نے پاکستان میں مائیکروفنانس تک رسائی کو بڑھانے اور مائیکروفنانس شعبے اور اس کے قرض داروں کی لچک کو بہتر بنانے کے لیے 102 ملین ڈالرز کی مالی معاونت کی منظوری دی ہے۔ یہ پروجیکٹ خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق جھٹکوں کا سامنا کرنے والے افراد کی مدد کے لیے ہوگا۔
ورلڈ بینک کے پاکستان کے لیے ڈائریکٹر، نجی بنہاسین نے کہا، "مائیکروفنانس پاکستان میں کمزور آبادی کے روزگار کے ذرائع کو سپورٹ کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ پروجیکٹ مائیکروفنانس شعبے کو مضبوط کرے گا، خصوصاً موسمیاتی خطرات کے پیش نظر، تاکہ یہ شعبہ ان افراد تک ضروری مالی خدمات فراہم کر سکے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔”
انہوں نے مزید کہا، "یہ پروجیکٹ پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہماری 10 سالہ ملک شراکت داری کے فریم ورک کا حصہ ہے۔”
ورلڈ بینک کے مطابق، اس پروجیکٹ سے تقریباً 1.89 ملین افراد مستفید ہوں گے، جن میں ایک ملین سے زائد خواتین اور 350,000 سے زیادہ نوجوان شامل ہیں، خصوصاً دیہی اور کم آمدنی والے علاقوں کے افراد۔
یہ پروجیکٹ مائیکروفنانس اداروں کو مالی وسائل فراہم کرے گا تاکہ وہ موسمیاتی اثرات کے باوجود خدمات فراہم کرتے رہیں۔ اس کے ذریعے افراد اور چھوٹے کاروباروں کو ‘ریکوری قرض’ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مالی استحکام حاصل کر سکیں۔