ٹوکیو(ایگزو نیوز ڈیسک)ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ میں پاکستان کے قومی ہیرو ارشد ندیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ کوالیفائنگ راونڈ میں ارشد ندیم نے بھارت کے نامور ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، ارشد ندیم نے تیسری باری میں 85.28 میٹر کی زبردست تھرو پھینکی جو ان کے لیے فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے کافی ثابت ہوئی جبکہ نیرج چوپڑا کی بہترین تھرو 84.85 میٹر رہی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستانی سٹار ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راونڈ میں اپنی پہلی تھرو 76.99 میٹر اور دوسری تھرو 74.17 میٹر کی کی تاہم تیسری کوشش میں 85.28 میٹر کے شاندار نتیجے کے ساتھ سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی،ارشد ندیم کی یہ کارکردگی اس بات کا عندیہ ہے کہ وہ فائنل میں بھی سنسنی خیز مقابلہ پیش کریں گے۔بھارت کے نیرج چوپڑا نے بھی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا لیکن کوالیفائنگ راونڈ میں ارشد ندیم نے ان سے بہتر پرفارمنس دکھا کر سب کو حیران کر دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج کی 84.85 میٹر کی تھرو انہیں فائنل تک لے جانے کے لیے کافی رہی۔ادھر جرمنی کے جولین ویبر نے اپنی دوسری باری پر 87.21 میٹر کی شاندار تھرو کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ کینیا کے ایتھلیٹ جولیس ییگو نے 85.96 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔ بھارت کے روہت یادیو نے بھی شرکت کی لیکن ان کی بہترین تھرو 77.81 میٹر رہی جو فائنل کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ کا فائنل کل کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کے ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑا ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔ شائقین کرکٹ کے بعد ایتھلیٹکس میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان اس دلچسپ مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں اور سب کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ آیا ارشد ندیم اپنی شاندار فارم کو فائنل میں بھی برقرار رکھتے ہیں یا نیرج چوپڑا اپنی پوزیشن واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
ورلڈ ایتھلیٹکس میں تہلکہ برپا،ارشد ندیم نے نیرج چوپڑا کو پیچھے چھوڑ دیا،فائنل میں پاکستانی شیر کا بھارتی سورما سے کانٹے دار مقابلہ متوقع
8