بدھ کی رات "پشپا 2: دی رول” کی پریمیئر کے دوران سینما گھر میں بھگدڑ مچنے سے 35 سالہ خاتون کی موت ہوگئی جبکہ اُس کا نو سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
یہ واقعہ حیدرآباد کے چکڑپلی میں واقع سندھیہ تھیٹر میں پیش آیا، جہاں آل ارجن کی فلم کی اسکریننگ کے لیے بڑی تعداد میں مداح جمع ہوئے تھے۔ جب یہ خبر پھیلی کہ آل ارجن اور موسیقی کے ہدایتکار دیوی سری پرساد بھی وہاں آئیں گے، تو ہزاروں مداح سینما گھر کی طرف دوڑ پڑے، جس سے ہجوم میں شدید افراتفری پھیل گئی۔
چکڑپلی پولیس کے ایک افسر نے کہا، ان کے آنے سے پہلے کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی اور نہ ہی ہجوم کو قابو کرنے کے لیے کسی انتظامات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جب مداح ستاروں کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تو ہجوم کے دباؤ کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔
جب ہجوم تھیٹر سے باہر نکلنا شروع ہوا تو متعدد افراد کے دم گھٹنے لگے۔
چکڑپلی کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، ایل رامیش کمار نے کہا کہ خاتون کی موت دم گھٹنے سے ہوئی کیونکہ فوری طور پر طبی امداد فراہم نہیں کی گئی تھی۔
نو سالہ بچہ جو بھگدڑ میں زخمی ہو گیا تھا، کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اب بھی شدید زخمی حالت میں ہے۔