Home » زمین کیوں کانپتی ہے؟خوف،تباہی اور حقیقت،زلزلوں کی تباہ کاریوں اور سائنسی وجوہات کی مکمل کہانی،حیران کن انکشافات

زمین کیوں کانپتی ہے؟خوف،تباہی اور حقیقت،زلزلوں کی تباہ کاریوں اور سائنسی وجوہات کی مکمل کہانی،حیران کن انکشافات

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

لندن(ایگزو نیوز ڈیسک)زمین کی لرزش اور زلزلوں کی وجوہات صدیوں سے انسانی تجسس کا مرکز رہی ہیں،جنہیں کبھی دیومالائی کہانیوں اور مذہبی عقائد سے جوڑا گیا مگر جدید سائنس نے ان کے پیچھے چھپی حقیقی وجوہات کو بے نقاب کر دیا ہے۔زلزلے نہ صرف انسانی جان و مال کے لیے خطرہ بنتے ہیں بلکہ بڑے پیمانے پر تباہی اور خوف کی علامت بھی سمجھے جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق زمین کے اندر موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت اور آتش فشانی سرگرمیاں زلزلوں کی بنیادی وجوہات ہیں تاہم جدید ٹیکنالوجی کے باوجود ان کی پیشگی درست پیش گوئی آج بھی ایک بڑا سائنسی چیلنج بنی ہوئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق انسانی تاریخ میں زلزلوں کو سب سے تباہ کن قدرتی آفات میں شمار کیا جاتا ہے،جنہوں نے مختلف ادوار میں بے شمار جانیں لیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔سائنسی ترقی سے قبل زلزلوں کی وجوہات کے حوالے سے دنیا بھر میں مختلف اقوام اور تہذیبوں کے اپنے اپنے عقائد اور داستانیں موجود تھیں،جن میں انہیں ماورائی یا دیومالائی طاقتوں سے جوڑا جاتا تھا۔قدیم ادوار میں بعض اقوام کا خیال تھا کہ زمین کسی دیوہیکل مخلوق کے سہارے قائم ہے اور اس کی حرکت سے زلزلے جنم لیتے ہیں جبکہ مذہبی حلقوں میں اسے خدائی تنبیہ یا نافرمانی کی سزا تصور کیا جاتا رہا۔اسی طرح برصغیر کی بعض روایات میں زمین کو ایک جانور کے سینگوں پر رکھا ہوا بیان کیا گیا،جس کے ہلنے سے زمین لرزتی ہے۔یونانی فلاسفہ ارسطو اور افلاطون نے اگرچہ نسبتاً سائنسی انداز میں یہ موقف پیش کیا کہ زمین کے اندر موجود گیسوں کے دباو سے زلزلے پیدا ہوتے ہیں تاہم یہ تصورات بھی جدید تحقیق کے مقابلے میں محدود ثابت ہوئے۔

سائنس کی ترقی کے ساتھ زلزلوں کی اصل وجوہات سامنے آئیں اور ماہرین ارضیات نے واضح کیا کہ زمین کے اندر موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت زلزلوں کی بنیادی وجہ ہے۔زمین کی سطح کے نیچے موجود یہ بڑی بڑی پلیٹیں مسلسل حرکت میں رہتی ہیں اور جب یہ آپس میں ٹکراتی یا ایک دوسرے کے نیچے سرکتی ہیں تو شدید توانائی خارج ہوتی ہے،جو زلزلے کی صورت میں محسوس کی جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق زمین کے اندر موجود پگھلا ہوا مادہ،جسے میگما کہا جاتا ہے،پلیٹوں کی حرکت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔جب اس مادے کا درجہ حرارت اور دباو بڑھتا ہے تو پلیٹیں غیر مستحکم ہو کر حرکت کرتی ہیں،جس کے نتیجے میں زمین کی سطح پر جھٹکے محسوس ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ آتش فشاں سرگرمیاں بھی زلزلوں کا سبب بن سکتی ہیں۔جدید دور میں اگرچہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے زلزلوں کی شدت،مرکز اور آفٹر شاکس کی معلومات فوری حاصل کر لی جاتی ہیں تاہم ابھی تک ایسا کوئی موثر نظام موجود نہیں جو زلزلے کی پیشگی درست پیش گوئی کر سکے۔ یہی وجہ ہے کہ زلزلے آج بھی انسان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں،جو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے آ کر وسیع پیمانے پر تباہی پھیلا دیتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز