لاہور(ایگزو خصوصی رپورٹ)آج کے حالات میں ہر دوسرا شخص مالی پریشانیوں کا شکار ہے،بڑھتے ہوئے بے ہنگم اخراجات،کم آمدنی اور یوٹیلٹی بلوں کی بھرمار نے نوکری پیشہ افراد کے ساتھ کاروباری طبقے کو بھی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے،ایسے میں قرضوں کا بوجھ اور کریڈٹ کارڈز کے بلوں کی ادائیگی الگ پریشانی ہے،ان سب معاملات سے بچنے کے لئے سب سے زیادہ ضروری یہ بات ہے کہ آپ اپنی چادر دیکھ کر پاوں پھیلائیں دوسرا بینکوں کی ادائیگیاں وقت پر کریں،قرضوں سے بچنے کے لیے مالی منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے،ماہرین مالیات کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کے لیے سب سے اہم ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ وہ اپنی ادائیگیاں وقت پر کرے تاکہ اضافی سود اور جرمانوں سے بچا جا سکے، اس کے لیے ضروری ہے کہ ایک مالی کیلنڈر ترتیب دیا جائے جس میں تمام ادائیگیوں کی تاریخیں درج ہوں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ماہرین مالیات کا کہنا ہے اگر آپ کے پاس ایک یا ایک سے زائد کریڈٹ کارڈز ہیں تو کوشش کریں کہ ہر ماہ استعمال شدہ پوری رقم وقت پر ادا کریں، اگر مکمل ادائیگی ممکن نہ ہو تو کم از کم زیادہ سے زیادہ حصہ ادا کریں تاکہ سود جمع نہ ہو اور قرض بڑھنے سے بچا جا سکے۔نئی چیزیں قسطوں پر لینے سے پہلے اچھی طرح سوچیں، سب سے پہلے خود سے سوال کریں کہ کیا یہ خرید واقعی ضروری ہے؟ کیا ماہانہ آمدن سے قسط دینا ممکن ہوگا؟ اگر کچھ رقم دستیاب ہے تو قسطوں کے بجائے مکمل ادائیگی بہتر ہو سکتی ہے۔اکثر افراد جذبات میں آ کر قرض لے لیتے ہیں جو بعد میں مالی بوجھ بن جاتا ہے۔اگر مالی مشکلات کا سامنا ہو تو فوری طور پر اپنی تمام قرضوں اور آمدن کا جائزہ لیں۔ غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی کریں تاکہ قرض اتارنے کے لیے کچھ رقم بچائی جا سکے۔ قرض دہندگان (بینک یا مالی ادارے) سے بات کریں اور اپنی مشکلات سے آگاہ کریں۔بینکوں میں مالی مشکلات کے شکار افراد کے لیے مخصوص قواعد ہوتے ہیں، جن میں دو نمایاں پروگرام ہیں، (قبل از نادہندگی کا ایکشن پلان) یہ مرحلہ اس وقت فعال ہوتا ہے جب قرضدار نے ابھی ادائیگی روکنی شروع نہیں کی ہوتی، اس میں بینک اور قرضدار مل کر ایسی حکمت عملی بناتے ہیں جس سے نادہندگی سے بچا جا سکے۔ (نادہندگی کی غیر عدالتی بحالی کا طریقہ) جب ادائیگی کی خلاف ورزی ہو چکی ہو، تو یہ عمل شروع کیا جاتا ہے تاکہ عدالت کے بغیر بینک اور قرضدار کے درمیان معاہدہ ہو جائے اور مسئلہ حل ہو سکے۔اگر آپ پہلے ہی قرضوں میں جکڑے ہوئے ہیں تو حالات مزید خراب ہونے سے پہلے تمام دستاویزات جمع کریں، ادائیگی کا ایسا منصوبہ بنائیں جو آپ کے لیے ممکن ہو، اور کوشش کریں کہ یا تو سود کی شرح کم کرائی جائے یا قسطوں کا دورانیہ بڑھا لیا جائے تاکہ ماہانہ بوجھ کم ہو۔قرضوں کا موثر انتظام مستقل مزاجی، ہوشیاری اور قرض دہندگان کے ساتھ کھلی بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
قرضوں سے بچنے کے لیے مالی منصوبہ بندی کیوں ضروری ہے؟وہ باتیں جن کا جاننا آپ کے لئے انتہائی کارآمد ہو گا
9