جنوبی افریقہ کے کپتان ویان ملڈر نے انکشاف کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بیٹر برائن لارا نے ان سے 400 رنز کا عالمی ریکارڈ نہ توڑنے پر دلچسپ تبصرہ کیا۔
ملڈر کے مطابق برائن لارا نے ان سے کہا کہ “ریکارڈز ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں، تمہیں کوشش کرنی چاہیے تھی۔ اگر آئندہ کبھی موقع ملے تو مجھ سے زیادہ رنز ضرور بنانا۔”
ویان ملڈر نے کہا کہ برائن لارا کی یہ رائے خوش مزاجی پر مبنی تھی، تاہم میری نظر میں میں نے جو فیصلہ کیا وہ درست تھا۔ میں کھیل کا احترام کرتا ہوں اور یہی میرے لیے سب سے مقدم ہے۔
یاد رہے کہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ویان ملڈر نے شاندار 367 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد دوسرے ہی دن جنوبی افریقہ کی اننگز ڈیکلئیر کر دی تھی، حالانکہ میچ میں ابھی تین دن باقی تھے اور وہ صرف 33 رنز کی دوری پر تھے برائن لارا کے 400 رنز کے ناقابلِ شکست عالمی ریکارڈ سے۔