Home » شادی کی شہنایوں سے گونجنے والا گھر ماتم میں تبدیل،اسلام آباد ہولناک سلنڈر دھماکہ،دلہا دلہن سمیت 8 جاں بحق

شادی کی شہنایوں سے گونجنے والا گھر ماتم میں تبدیل،اسلام آباد ہولناک سلنڈر دھماکہ،دلہا دلہن سمیت 8 جاں بحق

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی7 میں شادی کی خوشیاں اس وقت قیامت میں بدل گئیں جب ایک رہائشی گھر میں گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی گھروں کی دیواریں لرز اٹھیں اور پورا علاقہ دھویں، ملبے اور چیخ و پکار سے گونج اٹھا جبکہ دھماکے سے تین گھر مکمل زمین بوس ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ ایک شادی والے گھر میں پیش آیا جہاں دلہا دلہن کے ساتھ مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار گھروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ متاثرہ گھروں سے مجموعی طور پر 19 افراد کو ریسکیو کیا گیا،جن میں سے 8 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے جبکہ 10 زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد پمز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،جہاں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ملبے تلے دبے افراد کی آہ و بکا نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔پولیس اور انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تا کہ دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز