Home » ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی خوشیاں خون میں نہا گئیں،خودکش دھماکے سے 5 افراد جاں بحق،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی خوشیاں خون میں نہا گئیں،خودکش دھماکے سے 5 افراد جاں بحق،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

ڈی آئی خان(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب جمعے کو شادی کی ایک خوشی ماتم میں بدل گئی،جب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر منعقدہ تقریب کے دوران زوردار خودکش دھماکا ہوا،جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ موقع پر موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا جبکہ شواہد اکٹھے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی 7 ایمبولینسز،فائر وہیکل اور ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا،جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکا شادی کی تقریب کے دوران ہوا اور ابتدائی شواہد کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا۔ ڈی پی او کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ حملے کی نوعیت اور سہولت کاروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔آر پی او ڈیرہ سید اشفاق انور نے بتایا کہ دھماکے کے وقت امن کمیٹی کے متعدد ارکان بھی تقریب میں موجود تھے،جس کے باعث جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، صوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز