لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم پنجاب بھر میں موجود ہے تاہم یہ سسٹم کمزور ہے جس کے باعث لاہور میں بادل چھائے رہیں گے لیکن بارش کے امکانات کم ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی و مغربی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں وقفے وقفے سے تیز ہواوں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان جبکہ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہا، پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند اور سموگ جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں شدید دھند دیکھی گئی۔بلوچستان،خیبر پختونخوا،بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت لہہ اور گوپس میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کالام اور اسکردو میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش برسانے والا موجودہ سسٹم کل پاکستان سے نکل جائے گا،جس کے بعد دوبارہ خشک موسم شروع ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 27 سے 31 دسمبر تک نیا بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہو گا اور لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت نو اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ راولپنڈی، مری،گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔آج لاہور،شیخوپورہ،سرگودھا،خوشاب،فیصل آباد، حافظ آباد،گجرانوالہ، منڈی بہاالدین،گجرات،سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ سموگ سے بچاو کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے اور مری میں سیاحوں کے لیے سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال میں 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔