سوئنگ کے سلطان اور پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں انتخاب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شمولیت سوال اٹھا دیا۔
ایک فرنچائز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکرم نے فہیم کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلے 20 میچوں میں ان کی بولنگ اوسط 100 ہے، اور اس کی بیٹنگ اوسط صرف 9 ہے۔ میں مزید کیا کہوں؟
اکرم نے پاکستان کی حکمت عملی پر بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں دنیا بھر کی ٹیمیں برصغیر کی پچوں کی وجہ سے اسپنرز کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہیں، پاکستان صرف ایک ماہر اسپنر ابرار احمد کے ساتھ ٹورنامنٹ میں جا رہا ہے۔
وسیم اکرم نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں فخر زمان کے ساتھ پاکستان کیلئے اسٹار بلے باز کو اننگز کا آغاز کرنے کے خیال کی بھی حمایت کی۔
میں رضوان کو مڈل آرڈر بلے باز کے طور پر دیکھنا چاہوں گا اور شاید بابر سے اننگز کھولنے کو کہوں گا۔ بابر کے پاس ایک شاندار تکنیک ہے۔ اگر وہ 50 اوورز کھیلتا ہے اور سنچری بناتا ہے تو بیٹنگ اس کے گرد گھومے گی۔
سہ ملکی سیریز، چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستانی اسکواڈ:
بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، محمد رضوان (کپتان) ، عثمان خان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، سلمان علی آغا، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی۔