اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی قیادت کے گرد قانونی شکنجہ مزید سخت ہو گیا ہے، جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں ایک کے بعد ایک رہنما عدالت کے نشانے پر آ رہے ہیں، کبھی ناقابل ضمانت وارنٹ تو کبھی اشتہاری قرار دینے کے احکامات،اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا رویہ واضح کر رہا ہے کہ اب رعایت کی گنجائش کم سے کم رہ گئی ہے۔ شبلی فراز، طاہر صادق اور علی نواز اعوان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے کئی رہنما پہلے ہی اشتہاری قرار پا چکے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں تحریک انصاف کے کئی رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جب کہ طاہر صادق اور علی نواز اعوان کے بھی وارنٹ گرفتاری نکال دیے گئے۔کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بارے میں وزارتِ داخلہ کو ایک بار پھر خط لکھنے کا حکم دیا اور ان کے بھانجے حسان نیازی کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کرلی۔ واضح رہے کہ اسی مقدمے میں پی ٹی آئی کے سینیٹر مراد سعید اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر پہلے ہی اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔
جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس،شبلی فراز،طاہر صادق اور علی نواز اعوان کے وارنٹ جاری
9