پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کی ڈرافٹ کی تقریب لاہور فورٹ کے حضرتی باغ میں منعقد ہوئی۔ جس میں پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹگریز کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا۔
یہ تقریب اصل میں گوادر میں ہونے والی تھی، تاہم لاجسٹک مسائل کی وجہ سے اسے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ چھ فرنچائزیں اپنے اسٹار کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کیلئے اس تاریخی مقام پر جمع ہوئیں۔
پلاٹینم کیٹگری:
پلاٹینم کیٹگری میں کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو منتخب کیا، جبکہ لاہور قلندرز نے ڈیرل مچل کو چنا۔ پشاور زلمی نے ٹام کوہلر کیڈمور کو رائٹ ٹو میچ کے ذریعے منتخب کیا، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ مائیکل بریس ویل ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے، نیوزی لینڈ کے ایڈم ملنے کو کراچی کنگز نے منتخب کیا، اور فن ایلن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہوگئے۔ اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے میتھیو شارٹ کو منتخب کیا، جبکہ فہیم اشرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہوئے، اور عباس افریدی کراچی کنگز کا حصہ بنے۔
ڈائمنڈ کیٹگری:
ڈائمنڈ کیٹگری میں کراچی کنگز نے خوشدل شاہ کو منتخب کیا، جبکہ پشاور زلمی نے کاربن بوش اور محمد علی کو منتخب کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیسن ہولڈر کو چنا، جب کہ لاہور قلندرز نے کاسل پریرا کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کا انتخاب:
پی ایس ایل نے پلاٹینم کیٹگری کیلئے رجسٹرڈ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی مکمل فہرست بھی جاری کر دی ہے، جس میں آٹھ ممالک کے 44 کھلاڑی شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کیوی کھلاڑی جیسے کین ولیمسن، ٹم ساوٹی، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل اور دیگر بھی اس کیٹگری میں شامل ہیں۔
آسٹریلیا سے 13 کھلاڑی اس کیٹگری میں شامل ہیں، جن میں ایشٹن ایگر، ڈیوڈ وارنر اور ڈینیل سیمز شامل ہیں۔ افغانستان کے مجیب الرحمان اور نوین الحق بھی دستیاب ہوں گے۔ انگلینڈ کے سام بلنگز اور ٹائمِل ملز سمیت چھ دیگر انگلش کھلاڑی بھی منتخب ہونے کے منتظر ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی جیسے عمران طاہر، راسی وان ڈر ڈوسن اور دیگر بھی اس کیٹگری میں ہیں، جبکہ سری لنکا کے موجودہ ٹی 20 کپتان چارِتھ آسالنکا اور ان کے ساتھی کاسل منڈس بھی اس عالمی سطح کی کیٹگری کا حصہ ہیں۔