لاہور(ایگزو سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کو ایک بار پھر اہم ذمہ داری سونپ دی ہے، ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کر دیا گیا ہے اور وہ فوری طور پر ٹیم کے معاملات سنبھال لیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض گزشتہ چند ہفتوں سے ویمن کرکٹ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ منسلک تھے اور اب انہیں باضابطہ طور پر کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ وہ ڈائریکٹر ویمن کرکٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کے مستقبل کے منصوبے، تربیتی حکمتِ عملی اور کارکردگی میں بہتری کے لیے نئے پلانز ترتیب دیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں، جن کا مقصد ٹیم کے ڈھانچے کو مضبوط اور پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کرنا ہے۔اسی ضمن میں سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت کو بھی سپورٹ اسٹاف میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی جلد ہی پاکستان ویمن ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور مکمل سپورٹ سٹاف کے اعلان کا ارادہ رکھتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی یہ حکمت عملی ویمن کرکٹ کو نیا رخ دینے اور عالمی سطح پر مقابلے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔کرکٹ حلقوں میں یہ پیش رفت نہ صرف خوش آئند قرار دی جا رہی ہے بلکہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہاب ریاض جیسے تجربہ کار اور جارحانہ مزاج کے کھلاڑی کی موجودگی سے ویمن ٹیم کے کھیل میں جذبہ، فٹنس اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وہاب ریاض دوبارہ ایکشن میں،پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو ویمن ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کر دیا،نئے پلانز اور بڑی تبدیلیوں کی تیاری
3