عالمی شہرت یافتہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی ممکنہ واپسی سے قبل گردن کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ بلے باز کی گردن میں کھچاو پڑنے کی وجہ سے شدید درد کا سامنا ہے۔ یہ چوٹ ایک نازک وقت پر آئی ہے جب رنجی ٹرافی 23 جنوری کو دوبارہ شروع ہونے والی ہے اور چیمپئنز ٹرافی میں بھی ایک ماہ سے کم وقت رہ گیا ہے، جس سے دونوں ٹورنامنٹس میں کوہلی کی شرکت پر شکوک پیدا ہو گئے ہیں۔
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کی گردن میں تکلیف ہے اور انہوں نے اس کیلئے انجکشن بھی لگایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، کوہلی کے 23 جنوری کو سوراشٹرا کے خلاف رنجی ٹرافی کے تصادم سے قبل دہلی ٹیم میں شامل ہونے کی امید ہے اور وہ ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ تاہم، رنجی ٹرافی کے لیے ان کی دستیابی کے حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہے۔