Home » فیصلہ پہلے سے لکھا ہوا تھا، بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے، وکلا کی غیر موجودگی میں سزا سنادی گئی:سلمان صفدر ایڈووکیٹ

فیصلہ پہلے سے لکھا ہوا تھا، بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے، وکلا کی غیر موجودگی میں سزا سنادی گئی:سلمان صفدر ایڈووکیٹ

by ahmedportugal
313 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے توشہ خانہ ٹو کیس کے فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی فیصلے پر بالکل حیران نہیں تھے بلکہ وہ آج بھی مسکراتے رہے، عمران خان نے واضح ہدایت دی ہے کہ وہ ان کے اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے فوری طور پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں۔
ایگزو نیوز کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ گزشتہ رات تقریباً آٹھ بجے قانونی ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ اگلی صبح نو بجے کیسز کی سماعت ہوگی تاہم ایسی کسی کارروائی یا فیصلے کی توقع نہیں تھی، موٹر وے بند تھی، شدید دھند تھی اور حالات ایسے تھے کہ وکلا کی بروقت آمد ممکن ہی نہیں بنائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ 16 اکتوبر کو جج نے کیس دلائل کے لیے مقرر کیا تھا، فیصلہ سنانے کے لیے نہیں، آج دلائل مکمل ہونے تھے لیکن اس کے برعکس اچانک فیصلہ سنا دیا گیا، غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات دیکھ کر ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ کچھ غیر متوقع ہونے والا ہے۔بیرسٹر سلمان صفدر نے الزام عائد کیا کہ جج نے وکلا کی غیر موجودگی میں غیر قانونی طور پر فیصلہ سنایا، جج صاحب 59 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ پہلے سے لکھ کر لائے تھے اور وہی فیصلہ ایک طے شدہ پیٹرن کے تحت سنا دیا گیا، جس سے یہ تاثر مضبوط ہوتا ہے کہ فیصلہ بحث مکمل ہونے سے پہلے ہی تیار تھا۔انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والے فیصلوں کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں میرٹ پر فیصلے نہیں ہوئے اور ہمیشہ ہائی کورٹ سے ہی ریلیف ملا، القادر ٹرسٹ کیس میں ایک سال قبل سزا سنائی گئی مگر ایک سال میں پانچ منٹ کی سماعت بھی نہیں ہو سکی، متعدد درخواستیں دائر کی گئیں لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی باقاعدہ سماعت تک نہیں لگ سکی اور فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 10-اے کے تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے، جج نے فیصلہ سنایا اور فوراً عدالت چھوڑ کر چلے گئے جبکہ قانونی اور آئینی تقاضوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کو جیل میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، ان کے پاس کتابیں تک نہیں ہیں اور وہ وکیل سے ملاقات کے خواہاں تھے، بہت مشکل سے ملاقات ممکن ہوئی، اندر سیکیورٹی اس قدر سخت تھی کہ بات کرنے کے لیے تین منٹ بھی میسر نہیں تھے۔وکیل کا کہنا تھا کہ لیگل ٹیم اپنا کام جاری رکھے گی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف جتنے بھی مقدمات بنائے گئے وہ یا تو ختم ہو چکے ہیں یا التوا کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت بار بار توشہ خانہ کے کیسز بنا کر لاتی ہے، نیب نے یہ کیس چوتھی مرتبہ بنایا، جبکہ دوبارہ سماعت کی ہماری درخواستیں کبھی سنی ہی نہیں گئیں۔بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق عمران خان نے پوچھا کہ ہوا کیا ہے، انہیں بتایا گیا کہ سزا سنائی جا چکی ہے، حالانکہ بحث مکمل ہونے سے پہلے ہی فیصلہ تحریر ہو چکا تھا، اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی کے حوصلے بلند ہیں اور وہ قانونی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پ±رعزم ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز