کاراکاس(ایگزو نیوز ڈیسک)وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں نے ملک کو شدید انسانی بحران سے دوچار کر دیا ہے،جہاں ہلاکتوں کی تعداد 2300 تک پہنچ چکی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں۔اس ہولناک صورتحال کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کے بعد حکومت نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تاحال بھرپور انداز میں جاری ہیں۔قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں فوری طور پر سات روزہ سوگ منایا جائے گا تاکہ زلزلوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور سرکاری تقریبات محدود کر دی جائیں گی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس ہولناک قدرتی آفت میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2300 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 10 ہزار 571 افراد زخمی ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق 43 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں،جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اقوام متحدہ نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 68 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے،جس کے باعث ملک کو ایک بڑے انسانی بحران کا سامنا ہے۔امدادی اداروں کو خوراک،پانی،طبی سہولیات اور پناہ گاہوں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع ساحلی شہر لا گوائرا سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے،جہاں بنیادی ڈھانچہ تقریباً تباہ ہو چکا ہے،مواصلاتی نظام مفلوج ہے اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔مقامی اور بین الاقوامی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے،زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور بے گھر ہونے والے خاندانوں تک خوراک، پانی اور دیگر ضروری اشیاء پہنچانے میں مصروف ہیں تاہم تباہی کے وسیع پیمانے کے باعث امدادی کارروائیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے وینزویلا کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں شمار کیے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کام میں کئی ماہ، بلکہ ممکنہ طور پر سال لگ سکتے ہیں۔دوسری جانب عالمی برادری اور مختلف بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے وینزویلا کے لیے فوری انسانی امداد میں اضافے کی اپیل کی ہے تاکہ لاکھوں متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے اور انسانی بحران کی شدت کو کم کیا جا سکے۔