اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے وینزویلا میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی و سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات،سیاسی عدم استحکام،فوجی سرگرمیوں اور انسانی حقوق کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں وینزویلا میں جاری سیاسی بحران،حالیہ فوجی کارروائیاں،انتخابی عمل پر اٹھنے والے سوالات اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں شامل تھیں۔#اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا تحریری بیان ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے پڑھ کر سنایا۔انتونیو گوتریس نے وینزویلا کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ اس وقت امریکی تحویل میں ہیں،جس کے باعث ملک میں مزید عدم استحکام پیدا ہونے اور اس کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال نہ صرف وینزویلا بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔سیکریٹری جنرل نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل پاسداری کریں اور ریاستوں کی خودمختاری، سیاسی آزادی اور علاقائی سالمیت کے بنیادی اصولوں کا احترام یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہر صورت برقرار رکھی جانی چاہیے اور طاقت یا طاقت کی دھمکی کے استعمال سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
انتونیو گوتریس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وینزویلا کے بحران کے حل کیلئے جامع،با مقصد اور نتیجہ خیز مکالمہ ناگزیر ہے تا کہ ملک کے تمام طبقات کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کا موقع مل سکے۔انہوں نے سمگلنگ، قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات اور انسانی حقوق کے مسائل کے حل کیلئے موثر اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔سیکریٹری جنرل کے مطابق 3 جنوری کو وینزویلا میں ہونے والی فوجی کارروائی کے دوران عالمی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری نہیں کی گئی،جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کسی بھی ریاست کی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی پر واضح پابندی عائد ہے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وینزویلا حکومت کی درخواست پر مقرر کیے گئے انتخابی ماہرین کے پینل نے انتخابی عمل میں سنگین خامیوں اور مسائل کی نشاندہی کی ہے،جس نے سیاسی بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔اقوام متحدہ نے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ انتخابی نتائج کی مکمل شفافیت،غیر جانبدارانہ جانچ اور بروقت اشاعت کو یقینی بنایا جائے تا کہ وینزویلا میں جاری سیاسی بحران کا پرامن، جمہوری اور دیرپا حل ممکن ہو سکے۔