واشنگٹن: خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکا نے سعودی عرب کو 100 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے جدید ہتھیار فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یہ پیشکش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ماہ سعودی عرب، قطر اور یو اے ای کا دورہ کرنے والے ہیں۔ امکان ہے کہ بڑے دفاعی اداروں لاک ہیڈ مارٹن، بوئنگ، آر ٹی ایکس اور دیگر کے اعلیٰ حکام اس وفد کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کو C-130 ٹرانسپورٹ طیارے، میزائل اور ریڈار سسٹم سمیت کئی جدید ہتھیار فروخت کیے جا سکتے ہیں، تاہم F-35 لڑاکا طیاروں کی فروخت کا امکان نہیں کیونکہ یہ صرف مخصوص اتحادی ممالک کو دستیاب ہیں۔
وائٹ ہاؤس اور سعودی حکام نے اس پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن ایک امریکی دفاعی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ سیکیورٹی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم حصہ ہے۔