اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ حکومت پالیسیوں کے تسلسل، شفاف نظام، ریگولیٹری سہولتوں اور مکمل حکومتی تعاون کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سے امریکی اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد نے ملاقات کی،جس میں امریکی سرمایہ کاروں،کاروباری شخصیات، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے نمائندوں،صوبائی وزراء،چیف سیکریٹری سندھ،میئر کراچی اور سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران سندھ میں توانائی، ٹیکنالوجی،انفرااسٹرکچر،صحت،زراعت،سیاحت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی وفد کو صوبے کی معاشی صلاحیت،اہم منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پاکستان کی معیشت میں تقریباً 25 فیصد حصہ ڈالتا ہے اور اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث خطے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا ایک قدرتی گیٹ وے ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ، پورٹ قاسم،تھر کے کوئلے کے ذخائر،ونڈ اور سولر توانائی کے منصوبے سندھ کو معاشی ترقی کے لیے منفرد مقام دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کے لیے شفاف، مستحکم اور کاروبار دوست ماحول یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ریگولیٹری اصلاحات،ڈیجیٹل گورننس اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو کیٹی بندر انٹیگریٹڈ انڈسٹریل اینڈ میری ٹائم حب،سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر،گرین انرجی ڈیٹا سینٹرز،صنعتی زونز،مصنوعی ذہانت (AI انفرااسٹرکچر،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور ڈی سیلینیشن منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل خطے کے کامیاب ماڈلز میں شامل ہے،جس کے تحت تھر کول،شاہراہ بھٹو،این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک سمیت کئی اہم منصوبے مکمل کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے مزید بڑے سرمایہ کاری منصوبے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔اجلاس میں دھابیجی سپیشل اکنامک زون،صنعتی پارکس،آبی زراعت،سمندری خوراک کی برآمدات، گرین ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور سیاحتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر معاون خصوصی قاسم نوید نے سندھ کی معاشی استعداد،سرمایہ کاری پالیسیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر امریکی وفد کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کاروباری آسانیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے جدید اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔
امریکی کاروباری وفد نے سندھ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے قابل تجدید توانائی،مصنوعی ذہانت،ڈیٹا سینٹرز،فن ٹیک،صحت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وفد نے سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک،صنعتی مواقع اور پالیسیوں کے تسلسل کو سرمایہ کاری کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں مزید مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہو گی اور صوبے کی معاشی ترقی کو مزید رفتار ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور امریکا کے درمیان معاشی تعلقات کو اعتماد،جدت اور باہمی فائدے کی بنیاد پر مزید مضبوط کیا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ سرمایہ کاری میں امریکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا،جو سندھ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند امریکی کاروباری اداروں کو رہنمائی اور سہولیات فراہم کرے گا۔