Home » امریکہ نے غزہ امن منصوبہ مسخ کر دیا،پاکستان اور مسلم ممالک کی ترامیم غائب،اسحاق ڈار کا تہلکہ خیز دعویٰ

امریکہ نے غزہ امن منصوبہ مسخ کر دیا،پاکستان اور مسلم ممالک کی ترامیم غائب،اسحاق ڈار کا تہلکہ خیز دعویٰ

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کو جو حتمی اور متفقہ امن منصوبہ پیش کیا گیا تھا، امریکہ نے وہی جاری نہیں کیا بلکہ ترمیم شدہ ورژن دنیا کے سامنے رکھا جس میں پاکستان اور مسلم ممالک کی تجاویز کو شامل ہی نہیں کیا گیا،مجوزہ نکات میں ترامیم کے بعد ایک جامع اور مشترکہ مسودہ طے پایا تھا جس میں جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور فلسطینی عوام کی گھروں کو واپسی جیسے نکات شامل تھے تا ہم امریکی حکام نے اس متفقہ مسودے کو بگاڑ کر پیش کیا،پاکستان اور مسلم دنیا کی کوششوں کو سبوتاژکرنا نا قابل قبول ہے اور دنیا کو اصل حقائق جاننے چاہئیں،ہماری اسرائیل کے حوالے سے پالیسی پر کوئی تبدیلی نہیں آئی،ایک بات دماغ میں رکھیں ہم نے ڈائریکٹ اسرائیل سے ڈیل نہیں کی،ہم  نے امریکہ سے ڈیل کی ہے اور امریکہ اسرائیل کیساتھ ڈیل کر رہا ہے،مخالفت کرنے والے خدا کا خوف کریں،ایک دن سب نے جان دینی ہے،ہم نے بہترین کام کیا،اللہ کو راضی کرنے کیلئے کام کیا،اللہ ہمیں توفیق دے کہ احادیث اور قرآن کے مطابق اسے پایہ تکمیل تک لے جا سکیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کو جو حتمی اور متفقہ امن منصوبہ دیا گیا تھا، امریکہ نے وہی جاری نہیں کیا بلکہ ترمیم شدہ ورژن سامنے لایا،جس میں پاکستان اور مسلم ممالک کی تجاویز کو نظر انداز کر دیا گیا، مجوزہ نکات میں ترامیم کے بعد ایک مشترکہ مسودہ طے پایا تھا جس میں جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور فلسطینی عوام کی واپسی جیسے بنیادی نکات شامل تھے تاہم امریکہ نے جو منصوبہ دنیا کے سامنے پیش کیا،وہ اس متفقہ ورژن سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے اس منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے اور یہ اسی جدوجہد کا نتیجہ ہے جو پاکستان سمیت مسلم ممالک نے مل کر کی،فلسطین غزہ پر امریکہ کے ساتھ معاہدے کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں لیکن یہاں چند لوگ اس پر سیاست کر رہے ہیں،ٹوئٹس کر رہے ہیں،او بھائی اس پر بہت کام ہوا ہے،آپ کو بیک گراؤنڈ کا پتہ ہے نہیں باتیں کرتے ہو،وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا بھی بھرپور ذکر کیا،جس سے امت مسلمہ کی ترجمانی ہوئی،فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کی کوششوں کو ترکیہ اور دیگر ممالک نے سراہا۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران پاکستان سمیت آٹھ ممالک ہم خیال تھے،جنہوں نے فلسطینی عوام کی بھرپور وکالت کی،ایک بین الاقوامی ادارے کی زیر نگرانی فلسطینیوں کی ٹیکنو کریٹ حکومت بنانے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ انڈونیشیا نے غزہ کی سپیشل فورس کے لیے 25 ہزار فوجی دینے کا عندیہ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے او آئی سی کی 6 رکنی کمیٹی، اقوام متحدہ کے اجلاس اور دیگر عالمی ملاقاتوں میں فعال کردار ادا کیا اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کیا،سعودی عرب،قطر،مصر،اردن،ترکیہ،انڈونیشیا اور یو اے ای سمیت کئی ممالک کے ساتھ مشاورت کے نتیجے میں غزہ پر مشترکہ اعلامیہ سامنے آیا،جس میں فوری جنگ بندی،انسانی امداد اور امن قائم کرنے پر زور دیا گیا۔

ڈار کے مطابق وزیر اعظم  نے جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران آئی ایم ایف حکام اور متعدد عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں جن میں عرب ممالک کے سربراہان،آسٹریا، کویت،بنگلہ دیش،سری لنکا،کینیڈا،ہنگری،بحرین اور جی سی سی کے سیکرٹری جنرل شامل تھے،اس موقع پر گروپ آف 77 اینڈ چائنا کے اجلاس،پائیدار ترقی اہداف اور موسمیاتی چیلنجز سے متعلق اجلاسوں میں بھی پاکستان نے بھرپور شرکت کی۔انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اقوام متحدہ میں اٹھانے کا ذکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ کوئی چھوٹا معاملہ نہیں بلکہ عالمی سطح کا ایک بڑا ایجنڈا ہے جسے پاکستان نے پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھا۔اس سے قبل اپنے ایک ٹوئیٹ میں اسحاق ڈار نے واضح کیا تھا کہ غزہ کے مسئلے پر مشترکہ اعلامیہ سعودی عرب، یو اے ای، قطر، مصر، اردن، ترکیہ، انڈونیشیا اور امریکا کی شراکت سے سامنے آیا اور یہ پیش رفت صدر ٹرمپ سے ملاقات سے پہلے اور بعد کی مشاورت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان برادر ممالک اور امریکا کے ساتھ مل کر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز