یروشلم(ایگزو نیوز ڈیسک)عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش اور غزہ میں انسانی المیے کے فوری حل کا مطالبہ سامنے آیا ہے،ایسے وقت میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ کھڑے ہو کر صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کے لیے”غیر متزلزل حمایت” کا اعلان خطے کی سیاسی حرکیات کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔دوحہ میں عرب قیادت جہاں متحد ہو کر جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کی بات کر رہی ہے، وہاں واشنگٹن کی یہ یقین دہانی نہ صرف امن کی کوششوں کو کمزور کرتی ہے بلکہ خطے میں سفارتی اور انسانی بحران کو بھی مزید گہرا کرنے کا خدشہ بڑھا رہی ہے جبکہ غزہ پر تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 17شہری شہید ہو گئے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیل کے دورے کے دوران ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت غزہ جنگ میں اسرائیل کو غیر متزلزل حمایت فراہم کرے گی، غزہ کے عوام ایک بہتر مستقبل کے مستحق ہیں مگر یہ مستقبل اس وقت تک شروع نہیں ہوسکتا جب تک حماس کا مکمل خاتمہ نہ کر دیا جائے۔وزیراعظم نیتن یاہو نے روبیو کے دورے کو امریکہ کی غیر متزلزل حمایت کا ثبوت قرار دیتے ہوئے ٹرمپ کو اسرائیل کا”سب سے بڑا دوست”کہا۔ روبیو نے مغربی ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبوں پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ایسے اقدامات صرف حماس کو مزید شہہ دینے کے مترادف ہیں۔مشترکہ ملاقات کے دوران غزہ سٹی پر ممکنہ اسرائیلی قبضے کے منصوبے اور مغربی کنارے کے کچھ حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے جیسے حساس معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یہ جنگ جلد از جلد ختم ہو لیکن اس کے لیے حماس کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہونا اور یرغمالیوں کی رہائی لازمی ہے۔اسرائیل کے حالیہ قطر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے روبیو نے تسلیم کیا کہ اس اقدام نے مذاکرات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے تا ہم انہوں نے قطر کے ’تعمیری کردار‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ قطر امن کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے۔دوسری جانب، پریس کانفرنس کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیلی فضائی حملوں نے غزہ کو ایک بار پھر لرزا دیا،جس میں مزید 17 شہری شہید ہو گئے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک 64 ہزار 800 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ان حملوں نے نہ صرف غزہ بلکہ پورے خطے میں بے چینی اور غم و غصہ مزید بڑھا دیا ہے۔
امریکہ کا اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان،غزہ پر تازہ فضائی حملوں میں مزید 17 شہری شہید
5
previous post