Home » آزاد کشمیر میں بدامنی، شہباز شریف کی گہری تشویش،مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد روانہ

آزاد کشمیر میں بدامنی، شہباز شریف کی گہری تشویش،مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد روانہ

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں پرتشدد واقعات،بداعتمادی کی لہر اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی اداروں کو فوری اور ٹھوس اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم عوام سے اپیل ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور امن و امان کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ مظاہرین سے تحمل و بردباری کے ساتھ پیش آئیں اور عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم نے ناخوشگوار واقعات کی شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے احتجاجی مظاہروں سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت کی اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد روانہ ہو گئی ہے، جو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریاستی دارالحکومت پہنچی۔ کمیٹی میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراءسردار یوسف اور احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان، قمر زمان کائرہ، امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف شامل ہیں۔وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایکشن کمیٹی اور مقامی قیادت سے فوری مذاکرات کرے اور مسائل کا دیرپا حل نکالنے کے لیے اپنی سفارشات بلا تاخیر وزیراعظم آفس کو ارسال کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور وطن واپسی پر وہ ذاتی طور پر مذاکراتی عمل کی نگرانی کریں گے۔دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر نے مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کیے، اسلحہ چھین کر فائرنگ کی اور سرکاری رہائش گاہوں کا گھیراو کر کے سامان کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔ پرتشدد واقعات میں اب تک چھ شہری اور تین پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ 172 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں 12 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل، بردباری اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی طرف بڑھیں تاکہ مزید جانی نقصان اور بدامنی سے بچا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز