ہانگ کانگ(ایگزو نیوز ڈیسک)ہانگ کانگ میں منعقدہ جونیئر سکواش اوپن کے انڈر 17 ایونٹ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔سنسنی خیز فائنل میں انہوں نے انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ کو پانچ سیٹس پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بھی بلند کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ہانگ کانگ میں کھیلے گئے جونیئر سکواش اوپن کے انڈر 17 ایونٹ میں پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل مقابلہ نہایت سنسنی خیز اور اعصاب شکن ثابت ہوا،جہاں عمیر عارف نے انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔میچ کے آغاز میں برطانوی کھلاڑی نے پہلا سیٹ 4-11 سے جیت کر برتری حاصل کی تاہم عمیر عارف نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو سیٹس 11-6 اور 11-5 سے اپنے نام کیے۔چوتھے سیٹ میں لیوک میک برائیڈ نے مقابلہ برابر کرتے ہوئے 9-11 سے کامیابی حاصل کی،جس کے بعد فیصلہ کن پانچویں سیٹ میں عمیر عارف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 11-4 سے فتح سمیٹی اور ٹائٹل جیت لیا۔عمیر عارف اس سے قبل بھی عالمی اور ایشیائی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں،جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔وہ بِلکِس اینڈ عبدالرزاق داود فاونڈیشن کے فیلو بھی ہیں،جو ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔اس کامیابی کو پاکستانی سکواش کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،جو مستقبل میں مزید کامیابیوں کی نوید دے رہی ہے۔
ہانگ کانگ میں پاکستان کا پرچم سربلند،نوجوان سٹار عمیر عارف انڈر 17 سکواش چیمپئن بن گئے
18