Home » ایلومنائی کا شاندار تحفہ،یو ای ٹی لاہور میں نئی تاریخ رقم،اسلامک سٹڈیز ایکسٹینشن بلڈنگ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

ایلومنائی کا شاندار تحفہ،یو ای ٹی لاہور میں نئی تاریخ رقم،اسلامک سٹڈیز ایکسٹینشن بلڈنگ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

by ahmedportugal
45 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک سٹڈیز کی ایکسٹینشن بلڈنگ کا سنگِ بنیاد ایک باوقار تقریب میں رکھا گیا،جس نے جامعہ میں علمی و تحقیقی ترقی کے ایک نئے دور کے آغاز کا اشارہ دے دیا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اس منصوبے کا افتتاح کیا، جو یو ای ٹی کے سابق طلبہ کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور ادارے میں ایلومنائی کی موثر شراکت داری کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے۔


ایگزو نیوز کے مطابق یو ای ٹی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک سٹڈیز کی ایکسٹینشن بلڈنگ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی پر وقار تقریب میں رجسٹرار،مختلف فیکلٹیز کے ڈینز،شعبہ جات کے سربراہان،اساتذہ،افسران اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر یونیورسٹی اور اس کے سابق طلبہ کے درمیان مضبوط تعلق کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں اس منصوبے کو سابق طلبہ کی مادرِ علمی سے وابستگی اور ذمہ داری کے احساس کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی لاہور اپنے ایلومنائی کے تعاون کو نہایت اہمیت دیتی ہے،جو ادارے کی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایکسٹینشن بلڈنگ محض ایک نئی عمارت نہیں بلکہ ایک وسیع تر علمی وژن کی نمائندہ ہے،جس کا مقصد اسلامی علوم کو جدید تقاضوں،ٹیکنالوجی،تحقیق اور اختراعی سوچ کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ان کے مطابق تیزی سے بدلتے عالمی منظرنامے،مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے دور میں ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو دینی بصیرت کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی اور تکنیکی مہارتوں سے بھی لیس ہوں۔

وائس چانسلر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یو ای ٹی لاہور میں بی ایس اسلامک سٹڈیز ود سپیشلائزیشن اِن کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا منفرد پروگرام اسی وژن کا حصہ ہے،جس کے ذریعے طلبہ کو اسلامی تعلیمات کے ساتھ جدید ڈیجیٹل مہارتیں،تحقیق اور تنقیدی سوچ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر موثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مستقبل میں یہ عمارت ایک جدید اسلامک سنٹر کی شکل اختیار کرے گی،جہاں قرآن و سنت کی تعلیمات،بین المذاہب ہم آہنگی،اخلاقی تربیت،ڈیجیٹل لرننگ اور جدید تحقیق کو فروغ دیا جائے گا،اس مرکز کا مقصد ایسی متوازن شخصیات کی تیاری ہے جو دینی اور سائنسی دونوں میدانوں میں قیادت کی صلاحیت رکھتی ہوں۔تقریب کے دوران اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ڈاکٹر تنویر قاسم،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک سٹڈیز کی خدمات کو بھی سراہا گیا،جن کی مسلسل کاوشوں سے یہ ایلومنائی پر مبنی منصوبہ ممکن ہو سکا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید سابق طلبہ بھی یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ دعا کی گئی کہ یہ منصوبہ علم،تحقیق اور انسانیت کی خدمت کا ایک موثر مرکز ثابت ہو اور آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز