لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے نیو کیمپس کالا شاہ کاکو میں تعینات ایک میڈیکل آفیسر کے خلاف مالی اور اخلاقی کرپشن کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد معاملہ انتظامی سطح پر سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، ایک اسسٹنٹ پروفیسر کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کرائے جانے کے بعد وائس چانسلر یو ای ٹی نے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی میں ڈاکٹر محسن علی کاظمی اور ڈاکٹر آصف شہزاد شامل ہیں،جنہوں نے شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔شکایت میں ہیلتھ کلینک میں تعینات میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سعد پر ہراسمنٹ اور جعلی میڈیکل بلز تیار کر کے مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔درخواست گزار نے اپنے موقف کے حق میں شواہد اور دستاویزی ثبوت انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سابق کیمپس کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر شاہد عمران کے مبینہ کردار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ کرپشن کے اس مبینہ نیٹ ورک میں ہیلتھ کلینک کے انچارج ڈاکٹر محسن کاظمی کا نام بھی سامنے آ رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق انکوائری کمیٹی پر سابق کیمپس کوآرڈی نیٹر کی جانب سے دباو ڈالے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں اور معاملے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دوسری جانب درخواست گزار ڈاکٹر راشد منیر نے انکوائری کمیٹی پر جانبداری اور تعصب کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی ملزمان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ انہیں خود ہراساں اور دھمکایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ کرپشن سے متعلق تمام شواہد محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیں گے۔ڈاکٹر راشد منیر نے وائس چانسلر یو ای ٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ انکوائری کمیٹی کو تحلیل کر کے ایک مکمل طور پر غیر جانبدار اور شفاف تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے تا کہ حقائق سامنے آ سکیں اور ادارے کی ساکھ کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق معاملہ حساس نوعیت اختیار کر چکا ہے اور یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام کی آئندہ کارروائی پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
یو ای ٹی کالا شاہ کاکو میں تہلکہ خیز سکینڈل منظر عام پر آ گیا،میڈیکل آفیسر پر مالی و اخلاقی کرپشن کے سنگین الزامات،انکوائری کمیٹی قائم
52