Home » یو ای ٹی ای ای کیٹ 2026 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے طلبہ کی پذیرائی،پوزیشن ہولڈرز کے لیے پروقار تقریب،ٹاپرز کو اعزازات سے نواز دیا گیا

یو ای ٹی ای ای کیٹ 2026 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے طلبہ کی پذیرائی،پوزیشن ہولڈرز کے لیے پروقار تقریب،ٹاپرز کو اعزازات سے نواز دیا گیا

by ahmedportugal
67 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے ای کیٹ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی پذیرائی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں امتحان کے مختلف مراحل میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ٹاپرز کو اعزازات سے نوازا گیا۔تقریب میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ،ان کے والدین،اساتذہ اور ادارے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ کامیاب طلبہ کی محنت،لگن اور قابلیت کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ای کیٹ 2026 کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈز، اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔تقریب کا اہتمام معروف نجی تعلیمی ادارے کی جانب سے کیا گیا،جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور ڈاکٹر شاہد منیر،مینجنگ ڈائریکٹر سلمان مقصود،چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد وزیر خان،ڈائریکٹر کالجز زاہد وزیر خان،ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرنل اسد، مختلف کیمپسز کے پرنسپلز،پوزیشن ہولڈر طلبہ،ان کے والدین،اساتذہ اور فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا بنیادی مقصد ای کیٹ 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ذہین اور محنتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا،ان کی تعلیمی کاوشوں کو سراہنا اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ کے والدین اور اساتذہ کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا،جن کی رہنمائی اور تعاون نے طلبہ کو کامیابی کی منزل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور ڈاکٹر شاہد منیر نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کسی بھی میدان میں کامیابی مسلسل محنت، لگن،نظم و ضبط اور مضبوط عزم کا نتیجہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کا شعبہ ملک کی ترقی،صنعتی استحکام،تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے،اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ تخلیقی سوچ،تحقیق اور عملی میدان میں مثبت کردار ادا کرنے کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور ہمیشہ میرٹ،شفافیت اور اعلیٰ تعلیمی معیار کو ترجیح دیتا ہے اور ادارے کا مقصد ایسے قابل، باصلاحیت اور پیشہ ور انجینئرز تیار کرنا ہے جو ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

ای کیٹ فال 2026 کے پہلے مرحلے میں محمد صہیب نے 396 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی جبکہ محمد معاذ ناصر اور محمد عثمان زبیر نے 392 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔محمد ذکریا حسان،دانیال سعید اور حمزہ احسن اقبال نے 388 نمبروں کے ساتھ مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ای کیٹ 2026 کے دوسرے مرحلے میں فرحین فاطمہ زیدی نے 360 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،محمد حسن نے 356 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد ابراہیم،وجیہہ عامر اور عمر عاصم نے 352 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبہ کو اعزازی شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں جبکہ ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی طلبہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں مثبت مسابقت،محنت اور تعلیمی برتری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یو ای ٹی لاہور مستقبل میں بھی اعلیٰ تعلیمی معیار،میرٹ کی بالادستی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کے ذریعے ملک کے لیے قابل اور باصلاحیت انجینئرز تیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز