دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات نے مسلسل ساتویں سال دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ ہونے کا اعزاز برقرار رکھا،آرٹن کیپیٹل نے 2025 کے لیے عالمی پاسپورٹ انڈیکس جاری کر دیا،جس میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی پیش کی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال بھی ایک مسلم ملک نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات 2025 میں بھی پہلے نمبر پر ہے،جہاں کے شہری دنیا کے 179 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرنے کی سہولت رکھتے ہیں۔عالمی ماہرین کے مطابق کسی ملک کے پاسپورٹ کی یہ عالمی پذیرائی اس بات کی علامت ہے کہ اس کے شہری عالمی سطح پر قانون پسند،پر امن اور اعتبار کے مستحق سمجھے جاتے ہیں۔متحدہ عرب امارات کا معاشی استحکام،سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور دنیا بھر سے مضبوط سفارتی تعلقات اسے مسلسل ساتویں سال بھی پہلا نمبر برقرار رکھنے میں مدد دیتے رہے۔حتیٰ کہ کورونا وبا کے دوران جب دنیا کے کئی ممالک کے پاسپورٹس کمزور ہوگئے تھے،یو اے ای پر اس کے اثرات نہایت معمولی رہے۔دیگر ممالک کی درجہ بندی کی اس سال کی فہرست میں سنگاپور نے حیران کن ترقی کرتے ہوئے 30ویں سے دوسرے نمبر پر جگہ بنائی ہے،جہاں وہ سپین کے ساتھ مشترکہ طور پر موجود ہے۔ان دونوں ملکوں کے شہری 175 ممالک میں ویزا فری داخل ہو سکتے ہیں۔تیسرے نمبر پر دس ممالک مشترکہ طور پر موجود ہیں جن کے شہریوں کو 174 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کی سہولت حاصل ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے کمزور پاسپورٹس میں افغانستان،شام اور عراق بالترتیب سب سے نچلی پوزیشنوں پر موجود ہیں،جس کے بعد پاکستان کا نمبر آتا ہے۔پاکستانی شہری دنیا کے صرف 45 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔اس کے برعکس یمن، بنگل ادیش، شمالی کوریا،فلسطین اور اریٹیریا نے اپنی درجہ بندی میں نمایاں بہتری دکھائی ہے۔بھارت کی عالمی پاسپورٹ فہرست میں 69ویں پوزیشن ہے۔
متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ پھر نمبر ون ،179 ممالک میں ویزا فری رسائی،پاکستان کا نمبر نچلی سطح پر برقرار
36