خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے چکسر میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر حسن خان اور کانسٹیبل نثار خان کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں محرر ارشد خان، کانسٹیبل ارشد خان اور کانسٹیبل رفعت شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے بٹگرام کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کے پی اور بلوچستان کے صوبوں میں دہشت گردانہ حملے بڑھ رہے ہیں، جس میں خاص طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔