کیچ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ سیکیورٹی اداروں اور نجی کمپنیوں کے انتظامی ڈھانچوں پر سنگین سوالیہ نشان چھوڑ گیا ہے،دن دہاڑے اسلحہ کے زور پر نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے 22 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم لوٹ لی گئی،جس سے نہ صرف خطے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھا ہے بلکہ بینکاری نظام کے اعتماد اور شہری تحفظ کے حوالے سے بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے دشت کے قریب تربت گوادر شاہراہ پر اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے نجی سکیورٹی کمپنی کی کیش وین کو گھیر کر روک لیا۔ لیویز حکام کے مطابق ملزمان نے جدید اسلحے سے لیس ہوکر وین کو نشانہ بنایا اور عملے کو یرغمال بنانے کے بعد اس میں موجود 22 کروڑ روپے سے زائد کی بھاری رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق یہ کیش وین دو بڑے نجی بینکوں کی بھاری رقوم لے کر تربت سے گوادر جارہی تھی۔ تاہم، مسلح گروہ کی جانب سے انتہائی منظم انداز میں واردات کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائی پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت انجام دی گئی۔ واردات کے بعد لیویز فورس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، مگر تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔یہ واقعہ نہ صرف بلوچستان میں امن و امان کی نازک صورتحال کو اجاگر کرتا ہے بلکہ نجی سکیورٹی کمپنیوں کے طریقہ کار اور حفاظتی انتظامات پر بھی سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ 22 کروڑ روپے جیسی خطیر رقم کی منتقلی کے دوران حفاظتی اقدامات میں اس قدر بڑی خامی سکیورٹی اداروں اور بینکنگ سیکٹر کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ماہرین کے مطابق بلوچستان کے شورش زدہ علاقوں میں اس قسم کی وارداتوں کا خطرہ پہلے ہی موجود رہتا ہے، تاہم اتنی بڑی سطح پر ہونے والی اس ڈکیتی نے یہ عندیہ دیا ہے کہ خطے میں منظم گروہ بدستور سرگرم ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب نجی بینکوں اور سکیورٹی کمپنیوں کے اپنے انتظامات ناکام ہو جائیں تو عام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیسے یقینی بنائی جا سکتی ہے۔یہ واقعہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جس کے اثرات نہ صرف علاقائی سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی بینکاری اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو ہلا سکتے ہیں۔
تربت میں مسلح افراد نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے 22 کروڑ روپے لوٹ کر فرار
4