Home » ایچ-1 بی ویزہ فیس میں ٹرمپ کا بڑا اضافہ، بھارت میں تشویش کی لہر، بھارتی شہری اور آئی ٹی انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر

ایچ-1 بی ویزہ فیس میں ٹرمپ کا بڑا اضافہ، بھارت میں تشویش کی لہر، بھارتی شہری اور آئی ٹی انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

نئی دہلی(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایچ-1 بی ویزہ فیس بڑھانے کے فیصلے نے بھارت میں ہلچل مچا دی ہے، بھارتی وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے لاکھوں خاندان متاثر ہوں گے جبکہ آئی ٹی انڈسٹری بھی عالمی سطح پر شدید دباو کا شکار ہوسکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایچ-1 بی ویزہ کی فیس میں بھاری اضافہ بھارت کے لیے نئے سفارتی اور معاشی چیلنج لے آیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پالیسی کے انسانوں پر سنگین منفی اثرات مرتب ہوں گے اور ہزاروں خاندان اس کی لپیٹ میں آئیں گے۔بھارت میں وزیر اعظم نریندرا مودی کی حکومت پر دباو بڑھ گیا ہے کیونکہ بھارت کو اس فیصلے کا سب سے بڑا نشانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ایچ-1 بی ویزہ حاصل کرنے والوں میں تقریباً 70 فیصد بھارتی شہری شامل ہوتے ہیں، جو اب اس بھاری فیس کے باعث مشکلات کا سامنا کریں گے۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر چکی ہے۔ امریکی صدر کا موقف ہے کہ مودی حکومت روس سے سستا تیل خرید کر اور عالمی منڈی میں فروخت کرکے اربوں ڈالر کما رہی ہے، جس سے بالواسطہ طور پر روس-یوکرین جنگ کو مالی سہارا مل رہا ہے۔بھارتی میڈیا کھلے عام اس حقیقت کو اجاگر کر رہا ہے کہ نئی ویزہ فیس کا سب سے زیادہ بوجھ بھارتی شہریوں پر پڑے گا۔ اس خدشے کو مزید تقویت اس وقت ملی جب بھارت کی آئی ٹی انڈسٹری کی سب سے بڑی تنظیم “ناس کام” نے انتباہ کیا کہ ایچ-1 بی ویزہ درخواستوں پر سالانہ 100,000 ڈالر کی بھاری فیس بھارتی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے عالمی آپریشنز کو مفلوج کرسکتی ہے۔ یہ کمپنیاں بڑی تعداد میں ہنر مند پروفیشنلز کو امریکا بھیجتی ہیں، جن کے بغیر عالمی سطح پر ان کا کام شدید متاثر ہوگا۔ماہرین کے مطابق یہ پالیسی نہ صرف بھارت بلکہ امریکی ٹیک سیکٹر کے لیے بھی مسائل کھڑی کر سکتی ہے کیونکہ بھارتی آئی ٹی ماہرین امریکا کی بڑی ٹیک کمپنیوں کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم، سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے یہ اقدامات بھارت اور امریکا کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کرسکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی طاقتوں کے درمیان روس یوکرین تنازع پر تقسیم بڑھ رہی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز