Home » دنیا میں امن کا نیا باب؟ ملائیشیا میں ٹرمپ کے ڈانس سے تھائی کمبوڈیا امن معاہدے تک،امریکی صدر کا غیر معمولی سفارتی شو

دنیا میں امن کا نیا باب؟ ملائیشیا میں ٹرمپ کے ڈانس سے تھائی کمبوڈیا امن معاہدے تک،امریکی صدر کا غیر معمولی سفارتی شو

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

کوالالمپور (ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں قدم رکھا تو ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کا منظر ایک جشن کا سماں پیش کر رہا تھا، روایتی ملی نغموں، فنکاروں کے ثقافتی رقص اور سرخ قالین پر سجائی گئی تقریب میں امریکی صدر نے بھی روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، ٹرمپ نہ صرف مسکراتے ہوئے محظوظ ہوتے رہے بلکہ مقامی فنکاروں کے ساتھ خود بھی جھوم اٹھے اور موقع پر امریکا اور ملائیشیا کے پرچم لہرائے، جس پر مجمع نے زور دار تالیاں بجا کر ان کا خیرمقدم کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ دورہ ایشیا کے کئی ممالک پر مشتمل ایک اہم سفارتی سفر کا آغاز ہے، جس میں صدر ٹرمپ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ہونے والے جامع امن معاہدے کی دستخطی تقریب میں بھی شریک ہوئے، یہ معاہدہ امریکی ثالثی کے تحت طے پایا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان طویل سرحدی تنازع کو ختم کرنا ہے۔کوالالمپور میں جاری 47ویں آسیان سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اب جنگوں سے نہیں بلکہ تجارت،استحکام اور تعاون سے جوڑنے کا وقت آ گیا ہے،میری انتظامیہ  نے صرف آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں رکوائیں،تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا،میں جنگیں نہیں،امن اور خوشحالی چاہتا ہوں۔صدر ٹرمپ  نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کی پالیسی اب “Peace Through Trade” پر مبنی ہے،یعنی تجارت کے ذریعے امن، انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان یہ معاہدہ لاکھوں جانیں بچا سکتا ہے کیونکہ تجارت دشمنی کو ختم کر سکتی ہے،توپ نہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں جنوبی ایشیا کے تناظر میں بھی اہم باتیں کیں۔ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوبارہ تناو پیدا ہو رہا ہے اور وہ اس معاملے پر موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،فی الحال مجھے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں مگر جب وقت آیا تو میں امن کے لیے ضرور قدم اٹھاوں گا۔ٹرمپ نے پاکستانی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور ان کے عسکری رہنما بہترین لوگ ہیں،میں ان پر بھروسہ کرتا ہوں،ہمیں یقین ہے کہ پاک افغان مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے رہنماوں کی موجودگی میں جامع جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوتے دیکھے۔ رائٹرز کے مطابق یہ معاہدہ ان کے اس اقدام کا تسلسل ہے جو انہوں نے تین ماہ قبل دونوں ممالک کے رہنماوں سے براہِ راست ٹیلی فونک گفتگو میں شروع کیا تھا۔ اس گفتگو کے دوران ٹرمپ نے واضح کیا تھا کہ اگر دشمنی برقرار رہی تو واشنگٹن کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کر دیے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ممالک نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔اس موقع پر امریکی صدر نے تھائی لینڈ کے ساتھ اہم معدنی وسائل کے دوطرفہ تعاون کے معاہدے اور کمبوڈیا کے ساتھ تجارتی ترقی کے ایک نئے منصوبے پر بھی دستخط کیے۔کوالالمپور میں ٹرمپ کے قیام کے دوران ان کی ملاقات ملائیشیا کے وزیراعظم سے بھی ہوئی، جس میں علاقائی امن، تجارت، اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریب کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان خوشگوار تعلقات اور گرمجوشی کے مناظر میڈیا کی زینت بنے۔صدر ٹرمپ کا اگلا پڑاو جاپان ہو گا،جہاں وہ نئی وزیر اعظم سانائے تاکائچی سے ملاقات کریں گے۔اس کے بعد وہ جنوبی کوریا جائیں گے،جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے۔کوالالمپور میں جاری تین روزہ آسیان سمٹ میں شرکت کرنے والے رہنماوں کے ایجنڈے میں غزہ کی تازہ صورتحال،میانمار کی خانہ جنگی اور مشرقی ایشیا میں تجارتی توازن جیسے حساس موضوعات شامل ہیں۔بین الاقوامی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ دورہ محض ایک سفارتی روٹین نہیں بلکہ امریکی خارجہ پالیسی کے نئے بیانیے ”جنگیں نہیں، تجارت“ کی عملی تعبیر ہے۔ کوالالمپور میں ٹرمپ کا رقص، امن کی باتیں اور کمبوڈیاتھائی لینڈ معاہدے میں ان کی موجودگی ایک ایسا امتزاج پیش کرتی ہے جو بیک وقت سفارت، سٹیج اور سٹریٹیجی تینوں کا مظہر ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز