امریکہ کے نو منتخب قومی سلامتی کے مشیر نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک کا اگر نئی انتظامیہ کے ساتھ ایک قابل عمل معاہدہ ہوتا ہے تو ایپ امریکہ میں کام جاری رکھ سکتی ہے۔
ریپبلکن نمائندہ مائیک والز نے فوکس نیوز کو بتایا کہ ایک قابل عمل معاہدہ موجود ہو تو قانون کے تحت چینی مالک بائٹ ڈانس کو اس کی ملکیت سے علیحدہ ہونے کیلئے 90 دن کی توسیع دی جا سکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صدر ٹرمپ کو ٹک ٹاک کو جاری رکھنے کیلئے مزید وقت ملے گا۔
ٹک ٹاک نے فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب ٹرمپ کی عبوری ٹیم کے ترجمان، کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے بار بار اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ٹک ٹاک کو بچانا چاہتے ہیں، اور ڈونلڈ ٹرمپ سے بہتر معاہدہ کرنے والا کوئی نہیں ہے۔
رائٹرز نے خبر دی کہ ٹک ٹاک اپنے سوشل میڈیا ایپ کی امریکی آپریشنز کو اتوار کے روز بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، کیونکہ ایک وفاقی پابندی نافذ ہونے والی ہے، جس میں بائٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کی ملکیت سے الگ ہونے کا حکم دیا جائے گا۔ اس قانون کے تحت اگر بائٹ ڈانس نے ایپ کی ملکیت کو الگ نہ کیا تو ایپل یا گوگل ایپ اسٹورز پر ٹک ٹاک ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔