واشنگٹن(ایگزو نیوز ڈیسک)مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لانے کی اپیل کی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے سوشل میڈیا بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران اور اسرائیل کو فوری جنگ بندی کی طرف بڑھنا چاہیے تاکہ خطے کو ایک بڑے تصادم سے بچایا جا سکے۔دوسری جانب زمینی صورتحال تیزی سے بگڑتی دکھائی دے رہی ہے، ایران کے دارالحکومت تہران سمیت تبریز، اصفہان اور کرج میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جو جاری فضائی حملوں کی شدت کو ظاہر کرتی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان کی فضائیہ نے مغربی اور وسطی ایران میں ایرانی حکومت سے وابستہ اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں اسٹریٹجک تنصیبات شامل ہیں۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے ردعمل میں کی گئی ہیں، جبکہ جنوبی مغربی ایران کے شہر ماہشہر میں واقع پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں متعدد اہم تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ادھر ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز نے بھی جوابی کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے نیوتم اور تل نوف ایئر بیسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے ایران میں ریڈار سسٹمز پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کیے گئے، اور ایران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محاذوں پر وسیع پیمانے پر کارروائی کے لیے تیار ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان براہ راست حملوں کے تبادلے نے خطے کو ایک خطرناک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے، جہاں کسی بھی غلط اندازے یا مزید کشیدگی سے ایک وسیع جنگ چھڑنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ عالمی طاقتیں صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر سکتی ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ میں آگ بھڑک اٹھی،ٹرمپ نے ایران و اسرائیل سے فوری سیز فائر کا مطالبہ کر دیا
10