امریکی عدالت کا کہنا ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 10 جنوری کو ہیش منی کیس میں سزا سنائی جائے گی۔
جج جوآن مرچن نے کہا کہ ٹرمپ، پہلے سابق صدر ہیں جو کسی جرم کے مرتکب ہوئے ہیں، 10 جنوری کو سنائی جانے والی سزا کے وقت وہ یا تو ذاتی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر ہوسکتے ہیں۔
18 صفحات پر مشتمل فیصلے میں، مرچن نے نیویارک کی جیوری کی طرف سے ٹرمپ کی سزا کو برقرار رکھا اور ٹرمپ کے وکلاء کی جانب سے سزا کے خاتمے کیلئے دائر کی جانے والی مختلف درخواستوں کو مسترد کر دیا۔
78 سالہ ٹرمپ کو ممکنہ طور پر چار سال کی جیل کی سزا کا سامنا تھا، لیکن قانونی ماہرین نے نومبر کے صدارتی انتخابات سے پہلے ہی یہ پیش گوئی کی تھی کہ مرچن سابق صدر کو جیل نہیں بھیجیں گے۔
جج نے کہا کہ ٹرمپ کو جیل کی سزا دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مزید کہا کہ استغاثہ بھی جیل کی سزا کو قابل عمل تجویز نہیں سمجھتا۔