امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے ممکنہ میئر امیدوار زہران ممدانی کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ‘درست اقدامات’ نہ کیے تو وفاقی حکومت کی جانب سے شہر کو ملنے والی فنڈنگ روک دی جائے گی۔
فاکس نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا، "اگر ممدانی میئر منتخب ہوتے ہیں، تو میں اُن سے جواب طلبی کروں گا۔ اگر انہوں نے صحیح فیصلے نہ کیے، تو نیویارک کو ایک پائی بھی نہیں ملے گی۔”
ٹرمپ نے ممدانی کو کمیونسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ نیویارک کے لیے تباہ کن ہوگا۔”
زہران ممدانی نیویارک میں فلسطینی عوام کے حامی اور اسرائیلی پالیسیوں کے ناقد سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے "اسٹوڈنٹس فار جسٹس ان فلسطین” تنظیم کی بنیاد رکھی اور 2023 میں جنگ بندی کے حق میں وائٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال بھی کی۔
انہوں نے حالیہ پرائمری انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی اور اب وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر بننے کے قریب ہیں، جسے امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے لیے ایک تاریخی لمحہ سمجھا جا رہا ہے۔
ٹرمپ ماضی میں بھی مختلف ریاستوں اور حکام کو دھمکیاں دیتے رہے ہیں کہ اگر وہ ان کی پالیسیوں سے انحراف کریں تو فنڈنگ بند کر دی جائے گی۔