Home » امریکی صدر ٹرمپ کی ایران پر فیصلہ کن حملوں کی دھمکی،نیٹو بھی تنقید کی زد میں

امریکی صدر ٹرمپ کی ایران پر فیصلہ کن حملوں کی دھمکی،نیٹو بھی تنقید کی زد میں

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت اور دھمکی آمیز موقف اختیار کرتے ہوئے جنگ بندی کے لیے دباو بڑھا دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اگر ایران نے فوری طور پر معاہدے کی جانب پیش رفت نہ کی تو اسے شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وائٹ ہاوس میں کابینہ اجلاس اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس جنگ بندی کا ایک محدود موقع ہے،بصورت دیگر ایسی کارروائی کی جائے گی جو ان کے لیے ڈراونا خواب ثابت ہو گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت اور مذاکرات کاروں کو غیر سنجیدہ اور غیر روایتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اب خود امریکا کے ساتھ معاہدے کا خواہاں ہے تاہم حقیقت کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے،اس کے ریڈار نظام،بحریہ،فضائیہ اور مواصلاتی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو ایران چند ہفتوں میں جوہری ہتھیار بنانے کے قریب پہنچ سکتا تھا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے اور مشرق وسطیٰ کے ممالک، خصوصاً خلیجی ریاستوں کو نشانہ بنا رہا ہے،ایران نے نہ صرف حملوں کی منصوبہ بندی کی بلکہ خطے پر اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے جارحانہ حکمت عملی بھی اپنائی تاہم امریکی اقدامات نے اس کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔انہوں نے نیٹو ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی میں کسی اتحادی نے موثر کردار ادا نہیں کیا اور امریکا کو اس جنگ میں کسی کی مدد کی ضرورت بھی نہیں،موجودہ صورتحال میں امریکا خود اپنے فیصلے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور آئندہ حکمت عملی بھی اپنے مفادات کے مطابق طے کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں بھی ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت فیصلہ نہ کیا گیا تو بعد میں کوئی موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران معاہدے کے لیے شدید خواہش مند ہے تاہم عوام کے سامنے اس حقیقت کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔وائٹ ہاوس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے واضح کیا کہ ممکنہ جنگ بندی صرف امریکی شرائط پر ہوگی اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ تمام پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ایران کیوں مذاکرات کی طرف آ رہا ہے جبکہ امریکا اس حوالے سے محتاط حکمت عملی اختیار کرے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز