Home » ٹرمپ کی جرمن چانسلر پر کڑی تنقید،فریڈرک مرز کو ایران معاملے سے دور رہنے کا مشورہ

ٹرمپ کی جرمن چانسلر پر کڑی تنقید،فریڈرک مرز کو ایران معاملے سے دور رہنے کا مشورہ

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

واشنگٹن(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکا اور جرمنی کے درمیان سفارتی تناو ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے،جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز کو ایران کے جوہری معاملے میں مداخلت سے باز رہنے کا واضح اور سخت پیغام دیا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں نہ صرف جرمن قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں روس،یوکرین جنگ اور داخلی مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا،جس سے دونوں ممالک کے درمیان لفظی جنگ مزید گہری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق امریکی کوششوں پر تبصرہ کرنے کے بجائے روس اور یوکرین جنگ کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر مشرق وسطیٰ اور یورپ میں جاری تنازعات کے حوالے سے سفارتی کشیدگی پہلے ہی بڑھ رہی ہے۔ٹرمپ نے جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری پیغام میں جرمن چانسلر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں روس اور یوکرین جنگ کے حل پر زیادہ وقت صرف کرنا چاہیے، جس میں ان کے بقول وہ اب تک موثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

امریکی صدر نے جرمن قیادت کو یہ بھی تجویز دی کہ وہ اپنے ملک کے اندرونی مسائل،خصوصاً امیگریشن اور توانائی کے بحران پر توجہ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فریڈرک مرز کو ان امور میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے جو ایران کے جوہری خطرے کے خاتمے سے متعلق ہیں،کیونکہ ان کوششوں کا مقصد نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کو محفوظ بنانا ہے۔دونوں رہنماوں کے درمیان یہ لفظی کشیدگی پہلی بار نہیں ہوئی بلکہ حالیہ ہفتوں میں ایران کے جوہری پروگرام اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات پر امریکا اور جرمنی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔اس سے قبل بھی ٹرمپ نے مرز کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حقیقت سے لاعلم ہیں۔جرمن چانسلر نے اپنے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران سے متعلق مذاکرات میں امریکا کو مشکلات کا سامنا ہے اور بعض معاملات میں اسے سفارتی سطح پر دباو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناو مزید بڑھ گیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز