Home » ٹرمپ کا کینیڈا پر بڑا ٹیرف وار،گاڑیوں،سٹیل اور سپیئر پارٹس پر ڈیوٹی 50 فیصد کرنے کا اعلان

ٹرمپ کا کینیڈا پر بڑا ٹیرف وار،گاڑیوں،سٹیل اور سپیئر پارٹس پر ڈیوٹی 50 فیصد کرنے کا اعلان

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

واشنگٹن(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ کرتے ہوئے گاڑیوں،ٹرکوں،سپیئر پارٹس اور سٹیل سمیت اہم مصنوعات پر ٹیرف بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر کے مطابق نئی شرح یکم جنوری 2027 سے نافذ ہوگی اور اس اقدام کا بنیادی مقصد امریکا میں مقامی صنعت،سرمایہ کاری اور روزگار کو فروغ دینا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کینیڈا کئی برس سے امریکا کے ساتھ غیر منصفانہ تجارتی رویہ اختیار کرتا رہا ہے۔امریکی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خسارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال طویل مدت تک برقرار نہیں رہ سکتی۔ٹرمپ کے اعلان کے مطابق کینیڈا سے امریکا درآمد ہونے والی گاڑیوں، ٹرکوں،سپیئر پارٹس اور سٹیل پر ٹیرف کی شرح 50 فیصد تک بڑھائی جائے گی تاہم امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ کمپنیاں جو امریکا کے اندر گاڑیاں یا ٹرک تیار کریں گی،انہیں اس ٹیرف سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ٹیرف پالیسی کا مقصد محض درآمدات کو محدود کرنا نہیں بلکہ امریکی سرزمین پر صنعتی سرگرمیوں کو وسعت دینا،مقامی مینوفیکچرنگ کو تقویت دینا اور نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ان کے مطابق امریکا میں پیداوار بڑھنے سے مقامی صنعت کو تحفظ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے بھی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اب کینیڈا کے ساتھ کسی امریکی ریاست کی طرح برتاو نہیں کرے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی تعلقات میں امریکا کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور اس صورتحال کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ کینیڈا کی تقریباً 95 فیصد تجارت امریکا کے ساتھ وابستہ ہے،اس لیے تجارتی پالیسی میں تبدیلی کا اثر کینیڈین معیشت پر بھی نمایاں ہو گا۔ ٹرمپ نے اس تناظر میں یہ موقف اختیار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں امریکا کی پوزیشن مضبوط ہے۔نئی ٹیرف پالیسی سے بالخصوص آٹو موبائل، سٹیل اور آٹو پارٹس کی صنعت متاثر ہونے کا امکان ہے،کیونکہ دونوں ممالک کی صنعتی سپلائی چین ایک دوسرے سے گہری طرح منسلک ہے۔امریکا میں کینیڈین مصنوعات کی درآمدات پر اضافی لاگت عائد ہونے سے کاروباری اداروں کے اخراجات اور قیمتوں پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ موجود ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ بلند ٹیرف امریکی کمپنیوں کو ملک کے اندر پیداوار بڑھانے اور سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیں گے جبکہ ناقدین ایسے اقدامات کو شمالی امریکی سپلائی چین اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے لیے ایک نیا چیلنج قرار دے سکتے ہیں۔

تازہ اعلان کے بعد امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی پالیسی کے حوالے سے کشیدگی مزید بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ یکم جنوری 2027 کی مقررہ تاریخ سے قبل دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اور ممکنہ ردعمل عالمی تجارت کے لیے بھی اہم پیش رفت تصور کیے جائیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز