امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر ٹیرف 25 فیصد تک بڑھا دیے، جو بغیر کسی استثنا یا رعایت کے نافذ ہوں گے۔
ٹرمپ نے ایلومینیم پر ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا اور ملکوں کے استثنائی معاہدے اور مخصوص مصنوعات کے ٹیرف چھوٹ ختم کر دی۔ یہ اقدامات 4 مارچ سے نافذ ہوں گے۔
یہ اقدام امریکہ کی متنازعہ صنعتوں کی مدد کیلئے اٹھایا گیا ہے، تاہم اس سے تجارتی جنگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔ یہ ٹیرف کینیڈا، برازیل، میکسیکو، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک پر لاگو ہوں گے جو پہلے امریکہ میں بغیر ٹیرف کے آتے تھے۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس اقدام سے ٹیرف کو سادہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی درخواست پر غور کیا جائے گا، اور نئی تجارتی پالیسیاں چینی اور روسی دھاتوں کے امریکی درآمدات کو محدود کرنے کی کوشش کریں گی۔
امریکی صدر نے اس کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک سے درآمدات پر جوابی ٹیرف لگانے کا بھی عندیہ دیا ہے اور کہا کہ ان کے اقدامات قومی سلامتی کو مستحکم کرنے کے لیے ہیں۔