اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)جنوبی کوریا میں ہونے والی APEC CEO سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر پاکستان کے حق میں بول پڑے اور اس بار بھی انہوں نے موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریفوں کے پل باندھ دیے،فیلڈ مارشل کو ” زبردست فائٹر“ قرار دیا جبکہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی پر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ جب مودی جنگ پر تلا ہوا تھا تو میں نے اسے سمجھایا کہ پاکستان سے الجھنا دانشمندی نہیں۔ٹرمپ کے ان بیانات نے نہ صرف تقریب میں موجود عالمی رہنماوں کو چونکا دیا بلکہ نئی دہلی میں بھی ہلچل مچا دی۔امریکی صدر نے فخریہ انداز میں دعویٰ کیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کی سفارتی مداخلت سے خطے میں جنگ ٹلی اور لاکھوں جانیں بچ گئیں،اگر وہ بروقت کردار ادا نہ کرتے تو ایٹمی تباہی کے خطرات جنم لے سکتے تھے۔
ایگزو نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست فائٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں نہایت عمدہ انسان ہیں۔جنوبی کوریا میں جاری APEC CEO سمٹ کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے لیکن ان کی مداخلت نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا،پاکستان اور بھارت آپس میں لڑنے لگے تھے، پاکستان نے جنگ میں بھارت کے سات طیارے مار گرائے گئے، یہ بہت بڑی بات تھی کیونکہ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں۔ امریکی صدر نے اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی میں اپنی ثالثی کے کردار کا بھی فخریہ ذکر کیا۔ انہوں نے بتایامیں نے وزیر اعظم مودی کو فون کرکے کہا کہ ہم تمہارے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، کیونکہ تم پاکستان سے لڑ رہے ہو۔ پھر میں نے پاکستان کے وزیر اعظم کو بھی فون کیا کہ جب تک تم بھارت سے لڑ رہے ہو، ہم تمہارے ساتھ بھی تجارت نہیں کریں گے۔ٹرمپ کے مطابق، دونوں ممالک نے دو دن کے اندر رابطہ کیا اور کہا کہ ہم سمجھ گئے، اور لڑائی بند کر دی،کیا یہ حیرت انگیز نہیں؟ کیا بائیڈن ایسا کرسکتے تھے؟ ہم نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچا لیں۔ امریکی صدر نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جنگ نہیں روکی گئی تو دونوں ممالک پر 250 فیصد تجارتی ٹیکس عائد کر دیا جائے گا،میں نے کہا 250 فیصد ٹیکس کا مطلب ہے تم کبھی کاروبار نہیں کر سکو گے، اس کے بعد صرف 48 گھنٹوں میں کوئی جنگ نہیں رہی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی سخت وارننگ نے خطے میں امن قائم کیا، ورنہ صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی تھی۔ انہوں نے ایک بار پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہاپاکستان کے فیلڈ مارشل ایک زبردست فائٹر ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اپنی قوم اور خطے کے مفاد کے لیے کس طرح کھڑا ہونا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر زبردست فائٹر،امریکی صدر ٹرمپ جنوبی کوریا میں بھی قصیدہ شہباز شریف پڑھنے سے باز نہ آئے،مودی سرکار کو ایک بار پھر مرچیں لگا دیں
4