نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کا اعلان کر دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب ایک تاریخی دن ہے، جسے عرب، مسلم ممالک اور پاکستان کی قیادت سمیت وسیع پیمانے پر حمایت حاصل ہوئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وائٹ ہاوس میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام قائم کرنے کے لیے ہم ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں اور غزہ امن معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اور مسلم ممالک کے رہنماوں نے اس منصوبے کی بھرپور تائید کی ہے، جبکہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے بھی امن معاہدے کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان کے امن منصوبے کو تسلیم کر لیا ہے اور اس حوالے سے ایران پر بھی ایک علیحدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے معاہدے کو قبول کیے جانے پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔سیاسی اور سفارتی حلقے اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب ایک بڑا قدم قرار دے رہے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے پر عملدرآمد خطے کی سیاسی پیچیدگیوں اور مختلف فریقین کے عملی کردار پر منحصر ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو کے ہمراہ غزہ جنگ بندی کا اعلان،پاکستان سمیت عالمی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ
14