لندن(ایگزو نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا دو روزہ سرکاری دورہ برطانیہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے تاہم روانگی سے قبل انہوں نے ایک بار پھر لندن کے میئر صادق خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں عالمی سطح پر ’بدترین میئرز‘ میں سے ایک قرار دے دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق خصوصی طیارے میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے برطانوی حکام کو پہلے ہی یہ درخواست دی تھی کہ صادق خان کو شاہی ضیافت میں مدعو نہ کیا جائے۔ ان کے بقول وہ صادق خان کو طویل عرصے سے ناپسند کرتے ہیں اور نہیں چاہتے تھے کہ وہ ونزر کیسل میں شاہی خاندان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے خصوصی عشائیے کا حصہ بنیں۔ ٹرمپ نے مزید الزام لگایا کہ صادق خان اس تقریب میں شرکت کے خواہاں تھے لیکن امریکی صدر کے اعتراض کے باعث انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے صادق خان کو لندن میں بڑھتے جرائم اور امیگریشن پالیسیوں کی خرابی کا ذمہ دار ٹھیراتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کا دارالحکومت ایک خطرناک سمت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور صادق خان کی پالیسیاں لندن کے لیے کسی آفت سے کم نہیں۔یاد رہے کہ برطانیہ کے اس دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ونزر کیسل میں خصوصی شاہی ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شاہی خاندان کے اراکین، برطانوی سیاسی رہنما اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان شریک ہوئے۔ اس موقع پر امریکہ اور برطانیہ کے درمیان ٹیکنالوجی شراکت داری کے ایک اہم معاہدے پر بھی دستخط ہوئے، تاہم صدر ٹرمپ کی جانب سے صادق خان کے خلاف سخت ریمارکس نے اس دورے کے مثبت پہلووں کو پسِ پشت ڈال دیا۔
ٹرمپ کا برطانیہ سے واپسی پر صادق خان پر تابڑ توڑ حملہ،میئر لندن کو ’بدترین‘ قرار دے دیا
8