کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت خطرے میں پڑ گئی، اہم اتحادی جماعت نے اُن کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر دیا۔
نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جگمیت سنگھ، جو ٹروڈو کو عہدے پر برقرار رکھنے میں مدد کر رہے ہیں، نے کہا کہ وہ 27 جنوری کو ہاؤس آف کامنز کے منتخب چیمبر کے موسم سرما کی تعطیل سے واپسی کے بعد عدم اعتماد کی باضابطہ تحریک پیش کریں گے۔
اگر تمام اپوزیشن جماعتیں اس تحریک کی حمایت کرتی ہیں، تو ٹروڈو نو سال سے زائد عرصے تک وزیر اعظم رہنے کے بعد عہدے سے باہر ہو جائیں گے اور کینیڈا میں دوبارہ انتخابات ہوں گے۔
سنگھ نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ لبرل پارٹی کی قیادت کون کر رہا ہے، اس حکومت کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ ہم ہاؤس آف کامنز کی اگلی نشست میں عدم اعتماد کی واضح تحریک پیش کریں گے۔
حزب اختلاف کی ایک بڑی جماعت بلاک کیوبکوئس کے رہنما نے اس تحریک کی حمایت کا وعدہ کیا۔ کنزرویٹو کئی مہینوں سے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔