سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے 305 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کین ولیمسن نے شاندار سنچری کھیلی جبکہ ڈیون کونوے نے ففٹی اسکور کی۔ جنوبی افریقہ کے متھوسمی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ اب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ میں جو ٹیم جیتے گی وہ فائنل میں نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے تھے۔
ڈیبیو کرنے والے میتھیو بریٹزکے نے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس سے جنوبی افریقہ کو 300 رنز کا ہدف عبور کرنے میں مدد ملی۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلرز ول او رورک اور میٹ ہنری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مائیکل بریسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔